اترپردیش کے 6 سادھوؤں کے خلاف کیس درج
ناسک ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اترپردیش سے وابستہ 6 سادھوؤں کے خلاف سال 2015 میں ایک 20 سالہ نوجوان کو خود کشی کے لیے اکسانے پر کیس درج کرلیا گیا ۔ پولیس نے 6 سادھوؤں کی نشاندہی کے بعد آڈ گاؤں پولیس اسٹیشن میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے ۔ ناسک کے علاقہ تپوان میں کمبھ میلہ کے دوران 8 ستمبر 2015 کو سادھوؤں نے نوجوان بجرنگی داس کیسری کو خود کشی کے لیے اکسایا تھا ۔ تاہم متوفی نوجوان کے والد درگا پرساد نے 10 ماہ کے بعد کل شکایت درج کروائی ہے اور یہ الزام عائد کیا کہ ان کا لڑکا مذکورہ سادھوؤں کے ساتھ ناسک گیا تھا جہاں پر اسے ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کیا گیا تھا ۔ اس نوجوان نے 8 ستمبر کو درد شکم کی شکایت کرنے پر اندرا گاندھی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا اور دوسرے دن اس کی موت واقع ہوگئی ۔ پوسٹ مارٹم میں اس کے پیٹ سے زہریلا مادہ نکلا تھا ۔۔