حیدرآباد ۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) سرزمین دکن نہ صرف تاریخی اہمیت کی حامل ہے بلکہ حیدرآباد میں کئی ایسے اولیاء کرام آرام فرما ہیں جن کی خدمات صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ انسانیت کیلئے ایک مثال ہے لیکن یہ حقیقت افسوس کے ساتھ بیان کی جاسکتی ہیکہ شہر حیدرآباد کی تہذیب جو تیزی سے مغربی تہذیب کو اپنے دامن میں جگہ دے رہی ہے اور نوجوان نسل حیدرآباد میں آرام فرما اولیاء کرام کی خدمات تو درکنار ان کے ناموں سے بھی واقف نہیں۔ گذشتہ روز حیدرآباد کے میئر بونتورام موہن نے ’’درگاہـز آف حیدرآباد‘‘ کا پوسٹر جاری کیا ہے۔ ورلڈ ہیرٹیج ڈے کے موقع پر حیدرآباد کے میئر نے شہر میں موجود درگاہوں کے ضمن میں ایک پوسٹر جاری کیا ہے جو تراگا فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا جانے والا کام ہے۔ دہلی، دکن اور اورنگ آباد کے درمیان نہ صرف تاریخی روابط ہیں بلکہ یہاں کی زمین کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ اس نے اپنے دامن میں کئی ایسے بڑے اولیاء کرام کو آرام دے رکھا ہے جن کے کارناموں سے تاریخ کے اوراق معطر ہے۔ نامپلی کے حضرات یوسفین ؒ جن کے پیرومرشد حضرت خواجہ شیخ کلیم اللہ رحمتہ اللہ علیہ دہلی کے لال قلعہ کے سامنے آرام فرما ہیں۔ اس کے علاوہ خطہ صالحین میں بھی کئی اولیاء اللہ آرام فرما ہیں لیکن ان کے ناموں سے نوجوان نسل واقف ہی نہیں۔ ہندوستان میں اس وقت جو حالات زعفرانی جماعتیں بنا رہی ہیں اور یہ پروپگنڈہ کیا جارہا ہیکہ ہندوستان میں جو کچھ ہے وہ مسلمانوں کی ظلم و زیادتی کی نشانیاں ہیں ایسے میں ان اولیاء کرام اور خاص کر حیدرآباد کے اولیاء کرام جنہوں نے عالم انسانیت کیلئے بلاکسی مذہب و ملت اپنی خدمات انجام دی ہیں ان سے نوجوان نسل کو واقف کرواتے ہوئے دشمنوں کے حملوں کیلئے مؤثر جواب تیار کیا جانا چاہئے۔ حیدرآباد کے طول و ارض کئی اولیاء کرام کی آرامگاہیں موجود ہیں جن کی تفصیلات باضابطہ نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے مؤثر اقدام کئے جانے چاہئیں حالانکہ انٹرنیٹ پر کچھ ویب سائیٹس موجود ہیں لیکن ان میں بھی تسلی بخش مواد دستیاب نہیں۔ نوجوان نسل کو جب تک اللہ والوں کے ساتھ نہیں جوڑا جائے گا نہ ان کی آخرت بنے گی اور نہ ہی وہ دنیا میں دشمنانان اسلام کی جانب سے مذہب و تہذیب پر ہونے والے حملوں کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کر پائیں گے۔ درگاہز آف حیدرآباد کے پوسٹر کو جاری کرنے کے ساتھ ہی اب یہ کام بھی وقت کا اہم تقاضہ ہیکہ اولیاء کرام سے نوجوان نسل کو واقف کروایا جائے۔ اس وقت موسم گرما میں مختلف سمر کیمپس منعقد کئے جاتے ہیں اور یہی بہترین وقت ہیکہ حیدرآباد کے اولیاء کرام کے عنوان سے ایک سمر کیمپ بھی منعقد کیا جانا چاہئے۔