دفتر سیاست میں نوجوانوں کا تربیتی سمینار، جناب ظہیرالدین علی خاں کا خطاب
حیدرآباد۔30اگست(سیاست نیوز)مذہب اسلام نے دنیا میں ایک بہترین نظام حیات کو متعارف کروایاہے جس پر عمل پیرا ہونے والے دنیا اور آخرت میں کامیاب گذرتے ہیں۔جناب ظہیرالدین علی خان نے ادارے سیاست کی جانب سے منعقدہ سمینار سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ آج یہاں احاطہ سیاست میں واقع محبو ب حسین جگرہال میں ’’سیاست ‘‘ کی جانب سے نوجوانوں کی تربیت کے لئے منعقدہ سمینار سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے جناب ظہیر الدین علی خان نے نوجوانوں کو اپنے اند ر علم حاصل کرنے جستجو پیدا کرنے کی تلقین کی۔ سمینار میں شرکت کرنے والے سینکڑوں نوجوان لڑکے لڑکیوںکو اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہوکر اپنے اندر سنجیدگی( ڈسپلن ) پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان ایک خودار قوم ہے جو ترقی کے ہاتھ آئے کسی بھی موقع کو نہیںچھوڑتے۔ جناب ظہیر الدین علی خان نے مزیدکہاکہ سیاست کمیونٹی پہل کا 2002میںقیام عمل میںآیا جس کے بعد مسلسل نوجوانوں کو بہتر روزگار فراہم کرنے کے لئے ملٹی نیشنل اداروں کے اشتراک سے مفت تربیتی سمینار کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس سے سینکڑوں نوجوان اب تک استفادہ کرچکے ہیں۔انہوں نے 2002میںائی ایل ایف ایس کے اشتراک سے منعقدہ سمینار میں شرکت کرنے والے تین سو نوجوانوں میں سے 38بچوں کے انتخاب اور ملازمت کی فراہمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پچھلے تیرہ سالوں میں مسلمانوں کے اندر پیدا ہونے والی تبدیلیاں دیگر کے لئے ایک مثال بن گئی ہیں۔جناب ظہیرالدین علی خان نے کہاکہ بیرونی ممالک سے زیادہ ہندوستان میں نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع ہیں ۔انہوں نے محنت ‘ ایمانداری ودیانت داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے خود کو ایک اچھا اور سچا مسلمان کے طور پر پیش کرنے والے نوجوان کی زندگی ایک مجاہد سے کم نہیں۔انہوں نے کہاکہ بیجا کسی پر ظلم کرنا یا پھر کسی کی بھی حق تلفی کرنا مذہب اسلام کی تعلیما ت کے عین خلاف ہے۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز کارپوریٹ ٹرینی جنا ب سید حسن الدین انس نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں میں حوصلہ پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کارپوریٹ دنیا میںقدم جمانے کے لئے جذبہ ایثار وقربانی کو اپنے اندر شامل کرنے کا نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ دنیا میں وہ لوگ کبھی ترقی کی منزلیں طئے نہیںکرتے جو غیر ضروری عادتوں کو اپنی زندگیوں میں شامل کرلیتے ہیں۔انہوں نے بیجااصراف اور غیر ضروری عادتوں سے اجتناب کرتے ہوئے ادارہ سیاست کی جانب سے فراہم کردہ مفت ٹریننگ سے استفادہ کرنے اور دنیا کے ممتاز کارپوریٹ اداروں میں ملازمت حاصل کرنے پر زوردیا۔ انہوں نے ادارہ سیاست کی ملی خدمات کو اس موقع پر سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ سیاست کی جانب سے فراہم کردہ مفت تربیتی کیمپ میں تربیت یافتہ ہزاروں نوجوان آج دنیا کی بڑی اور معروف کارپوریٹ کمپنیو ںمیں خدمات انجام دیتے ہوئے ایک بہترین زندگی گذار رہے ہیں۔انہو ں نے نوجوانو ں سے اس سنہری موقع سے استفادہ کرنے اور ایک بہترین زندگی گذارنے کا مشورہ دیا۔مسٹر سشیل سابو فارمر وائس پریسڈنٹ جین پیک وڈائرکٹرمائینڈوس کے علاوہ ہیڈ ریکروٹمنٹ ڈپارٹمنٹ ثقلین نقوی نے بھی کارپوریٹ کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرنے کے لئے درکا رتربیت پر توجہہ مرکوز کرنے کی نوجوان سے اپیل کی جو ان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگی۔جناب سعود احمد ( لکھنو)ایم ڈی بنار س گلاس پرائیوٹ لمیٹیڈ اور ڈاکٹر ملک فیصل نے بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ سینکڑوں کی تعداد میںنوجوان لڑکے اور لڑکیوںنے سمینار میں شرکت کرتے ہوئے ادارہ سیاست کی پیش کش سے استفادہ کیا۔