لاہور 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈیائی نژاد پاکستانی عالم دین مولانا طاہر القادری نے وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے بھائی پر صوبہ پنجاب میں واقع اُن کے شوگر ملز میں 300 سے زائد ہندوستانیوں کو ملازمت فراہم کرتے ہوئے ملک کے خلاف سازش کا الزام عائد کیا۔ شریف گروپ آف انڈسٹریز نے یہ دعویٰ مسترد کردیا ہے۔ مولانا طاہر القادری نے کہا ہے کہ قوم کے سامنے دو ہی راستے ہیں یا پاکستان یا پھر شریف برادران۔ اُنھوں نے کہاکہ 300 کے منجملہ اُنھوں نے 50 نام جاری کئے ہیں۔ اِن ورکرس میں انجینئرس، آئی ٹی ماہرین اور ٹیکنیشین یہاں تک کہ ویلڈرس بھی شامل ہیں۔ اِن ہندوستانیوں کو سکیوریٹی چیک، پولیس رپورٹنگ، کسٹم کلیرنس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ اُنھوں نے نواز شریف کو ’’ہندوستانی ایجنٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے فوج سے کہاکہ اُنھیں اور اُن کے بھائی چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف کو پاکستان کے خلاف سازش پر فوری گرفتار کرے۔