کراچی۔25مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک خیرسگالی اقدام کرتے ہوئے پاکستان نے آج 151 ہندوستانی ماہی گیروں کو جیل سے رہا کردیا ۔ جب کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف ‘ وزیر ہندوستان نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے دہلی روانہ ہورہے ہیں ۔ عہدیداروں نے 59 ہندوستانی ماہی گیروں کو مالیر جیل کراچی سے اور 92ماہی گیروں کو نارا جیل حیدرآباد سندھ سے رہا کردیا ۔ امکان ہے کہ حکومت سری لنکا بھی اس اقدام کی تقلید کرتے ہوئے 160ماہی گیروں کو رہا کردے گی ۔ مالیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ سید نذیر حسین نے کہا کہ ہندوستانی قیدیوں کو وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی تحریری ہدایت پر رہا کیا گیا ہے ۔
ان قیدیوں میں سے بیشتر غریب ہندوستانی ماہی گیر ہے جنہیں پاکستانی آبی حدود میں غیر مجاز طور پر داخل ہوجانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ رہا شدہ قیدیوں کو کراچی سے ایرکنڈیشنڈ بس میں واگھا سرحد لاہور منتقل کیا گیا جہاں انہیں ہندوستانی عہدیداروں کے حوالے کیا جائے گا ۔ ریٹائرڈ جسٹس اسلم ناصر زاہد نے جو قانونی امداد غیرسرکاری تنظیم کے سربراہ ہیں کہا کہ حکومت نے قیدیوں کی رہائی میں مکمل تعاون کیا ہے ۔ این جی او نے قیدیوں کو نقد رقم ‘ بلامعاوضہ اشیاء ‘ لباس ‘ تحفہ اور واگھا سرحد تک سفر کیلئے بلامعاوضہ ایرکنڈیشنڈ بس کا انتظام کیا ۔
بعض رہا شدہ قیدیوں نے خبررساں ٹی وی چینل سے کہا کہ انہیں اپنے خاندانوں میںواپسی پر بے انتہا خوشی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اُن سے بہت اچھا سلوک کیا گیا ‘کیونکہ وہ سنگین جرائم کے مرتکب نہیں تھے اس لئے ہر شخص واپس اپنے خاندانوں تک پہنچنے کا آرزو مند تھا ۔ گذشتہ سال اگست میں پاکستان نے تقریباً 337 ہندوستانی قیدیوں کو جیلوں سے رہا کیا تھا بعد ازاں دیوالی کے موقع پر 15ہندوستانی ماہی گیر خیرسگالی ارکان کے طور پر رہا کئے گئے تھے ۔ پاکستانی بحری صیانت افواج وقفہ وقفہ سے ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار اور ان کی ماہی گیر کشتیوں کو اپنی آبی حدود میں ضبط کیا کرتی رہی ہے ۔