نواز شریف کی مخلوعہ نشست کیلئے 17 ستمبر کو رائے دہی

اسلام آباد ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نااہل قرار دیئے گئے وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے بعد لاہور کی مخلوعہ پارلیمانی نشست کے لئے 17 ستمبر کو رائے دہی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے آج یہ اعلان کیا۔ یاد رہے کہ پی ایم ایل (این) نے نواز شریف کے بھائی اور صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو لاہور کی NA-120 حلقہ انتخاب سے مقابلہ کرنے کے لئے منتخب کیا ہے جو 28 جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے اور مستعفی ہونے کے بعد مخلوعہ ہوگئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کے مطابق امیدوار اپنے پرچہ نامزدگی 10 اگست تا 12 اگست کے درمیان داخل کرسکتے ہیں جب کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال 15 اگست تا 17 اگست کے درمیان ہوگی اور NA-120 حلقہ کے لئے رائے دہی 17 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔ یاد رہیکہ فی الحال پاکستان کے عبوری وزیراعظم کے عہدہ کیلئے شاہد خاقان عباسی کو نامزد کیا گیا ہے۔ تاہم ان کے بارے میں بھی یہ کہا جارہا ہیکہ انہیں بھی بدعنوانیوں کی تحقیقات کا سامنا ہے ۔