نواز شریف کیخلاف عدالت میں عرضی قبول

لاہور 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان نوازشریف کی غیر قانونی رقمی لین دین کے الزامات پر نا اہلیت کی استدعا کے ساتھ داخل کردہ عرضی کو یہاں کی عدالت نے سماعت کیلئے قبول کرلیا ہے، جبکہ یہ عرضی 23 سال قبل داخل کی گئی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عابد عزیز شیخ کی بنچ نے کل یہ عرضی سماعت کیلئے قبول کرلی۔ اس سے قبل دلائل کی سنوائی ہوئی اور چیف جسٹس سے درخواست کی گئی کہ اس کی سماعت کیلئے پانچ رکنی وسیع تر بنچ تشکیل دی جائے ۔یہ بنچ اس درخواست کی سماعت کررہی تھی جو 1991 سے زیر تصفیہ اصل عرضی کیلئے سماعت مقرر کرنے کیلئے پیش کی گئی تھی درخواست گذار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے عدالت کو بتایا کہ ان کی عرضی پر پانچ ججوں کی بنچ کی جانب سے منعقدہ آخری سماعت کے بعد سے چار سال گذر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بنچ کو بعد میں تحلیل کردیا گیا جبکہ اس کے ایک رکن نے شخصی وجوہات کی بناء یہ کیس کی سماعت سے انکار کردیا تھا۔