اسلام آباد ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے آج انسداد بدعنوانی عدالت میں حاضری دی جہاں پناما پیپرس معاملہ میں ان کے ملوث ہونے پر دائر کردہ مقدمہ کی سماعت کی جارہی ہے۔ تاہم جج نے اگلی سماعت 7 نومبر تک موخر کردی۔ یاد رہیکہ نواز شریف کے علاوہ ان کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر اور وزیرمالیات اسحق ڈار بھی پناما پیپرس بدعنوانی معاملات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے جولائی میں نواز شریف کو وزیراعظم کے عہدہ کیلئے نااہل قرار دیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے نہ صرف وزیراعظم بلکہ اپنی پارٹی پی ایم ایل (این) کی صدارت سے بھی استعفیٰ دیدیا تھا۔ یاد رہیکہ نواز شریف کے خلاف قابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ لندن میں اپنی علیل اہلیہ کے ساتھ ان کا رہنا ضروری تھا لہٰذا قبل ازیں وہ عدالت میں حاضر نہ ہوسکے تھے لیکن بعدازاں موصوف کل ہی پاکستان پہنچے تاکہ عدالتی کشاکش کا سامنا کرسکیں۔