نواز شریف کو گردوں کا عارضہ لاحق، ہاسپٹل منتقل کئے جانے کا امکان

راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہر ڈاکٹرس کی ٹیم آڈیالا جیل پہنچ گئی

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے معزول وزیراعظم نواز شریف ان کی دختر مریم اور داماد صفدر کو آڈیالا جیل بھیجنے کے بعد سیاسی ماہرین نے جو اندیشے ظاہر کئے تھے وہ درست ثابت ہوئے۔ نواز شریف کے گردے ناکارہ ہونے کے قریب ہیں اور ڈاکٹرس نے جیل حکام کو مشورہ دیا ہیکہ موصوف کو فوری ہاسپٹل میں شریک کیا جائے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق68 سالہ نواز شریف کو لندن میں پرتعیش اپارٹمنٹس خریدے جانے اور بدعنوانیوں میں ملوث پائے جانے کی بنیاد پر 13 جولائی کو آڈیالا جیل بھیج دیا گیا تھا۔ موصوف اسی روز لندن سے لاہور پہنچے تھے۔ ان کے ہمراہ ان کی دختر مریم بھی تھیں۔ پہلے انہیں اسلام آباد لایا گیا اور بذریعہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی کی آڈیالا جیل منتقل کیا گیا تھا۔ دریں اثناء راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (RIC) سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جیل پہنچ کر نواز شریف کی طبی جانچ کی۔ اس ٹیم کی قیادت چیف ایگزیکیٹیو منیجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کی جس میں نواز شریف کے گردوں کو متاثر پایا گیا۔ یہ طبی رپورٹ بعدازاں پنجاب کے معتمد صحت کو روانہ کی گئی جس کے مطابق نواز شریف کو فوری طور پر ہاسپٹل میں شریک کروائے جانے کی سفارش کی گئی تھی حالانکہ نواز شریف کے شخصی معالج ڈاکٹر عدنان نے حالیہ دنوں میں ان کی طبی جانچ کی تھی جبکہ جیل حکام نے بھی آر آئی سی سے ڈاکٹرس کی ایک ٹیم کو طلب کرکے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی تھی کہ آخر نواز شریف کو ہوا کیا ہے؟ دو تین روز قبل ہی انہوں نے اپنی صحت سے متعلق شکایت کی تھی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کے جسم میں آبی سطح بہت کم ہوگئی ہے جس سے ان کی دل کی دھڑکنیں کبھی تیز ہورہی ہیں اور کبھی دھیمی جبکہ خون میں یوریا کی بھی کثیر مقدار بھی پائی گئی جس سے گردوں کے ناکارہ ہونے کا اندیشہ ہے لہٰذا بورڈ کی جانچ نے بھی نواز شریف کے لئے ہاسپٹل میں شریک ہونے کی سفارش کی ہے۔ دوسری طرف عبوری صوبائی وزراء شوکت جاوید اور احمد وقاص ریاض نے نواز شریف کی گرتی ہوئی صحت سے متعلق جیل سپرنٹنڈنٹ کو تحریری طور پر مطلع کیا ہے جس کے بعد نواز شریف کی ایک اور طبی جانچ کی جائے گی جس کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں ہاسپٹل میں شریک کیا جائے یا نہیں۔ انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ نواز شریف کو گردوں کا عارضہ لاحق ہے۔ عبوری صوبائی حکومت جیل حکام کے ساتھ مسلسل ربط میں ہے اور فی الوقت نواز شریف کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔