نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد

لاہور۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی لاہور ہائی کورٹ کے پانچ رکنی فل بنچ نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لیے 24 برس پرانی درخواست مسترد کر دی ہے۔ہائی کورٹ کے فل بنچ نے درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بنیاد پر خارج کر دی۔وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لیے 1991 میں لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی جس میں نواز شریف پر تاحیات انتخاب لڑنے پر پابندی لگانے کی استدعا کی گئی تھی۔لاہور ہائی کورٹ کی فل بنچ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں جمعے کے دن ایک گھنٹے تک مسلسل سماعت کی اور اس کے بعد مختصر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔نواز شریف کے خلاف یہ درخواست مقامی شہری علی عمران نے بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کے توسط سے دائر کی تھی اور درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹرجسٹس منظور اے ملک نے 24 سال پرانی درخواست کی سماعت کے لیے چھ مئی کو پانچ رکنی فل بنچ تشکیل دیا اور لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان پانچ رکنی بنچ کے سربراہ تھے۔ سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی اس استدعا کو مسترد کر دیا کہ پانچ رکنی فل بنچ کے دو ارکان کو تبدیل کیا جائے۔لاہور ہائی کورٹ کی فل بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس قاسم خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس وقاص رؤف مرزا شامل ہیں۔