نواز شریف کو علاج کیلئے لندن بھیجنے پر غور : رپورٹ

اسلام آباد 30 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) نواز شریف کے شخصی معالج نے مشورہ دیا ہے کہ عبوری حکومت سابق وزیر اعظم کو مزید علاج کیلئے لندن روانہ کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے ۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی جبکہ ایک دن قبل نواز شریف کو ان کی صحت بگڑ جانے پر ایک دواخانہ میں شریک کردیا گیا تھا ۔ 68 سالہ نواز شریف کو کل پاکستان کے امراض قلب کے دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جبکہ ان کی حالت اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بگڑ گئی تھی ۔ نیوز انٹرنیشنل نے اطلاع دی ہے کہ سابق وزیر اعظم کو 2 اگسٹ کو لندن بھیجا جاسکتا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاج کیلئے نواز شریف کو لندن روانہ کرنے کے تعلق سے سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے ۔ نواز شریف کے شخصی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے ان کا معائنہ کیا تھا اور ان کے علاج پر وہ نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے علاج کیلئے نواز شریف کو لندن بھیجنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ قبل ازیں نواز شریف علاج کے سلسلہ میں تین ماہ تک لندن میں مقیم رہے تھے ۔