اسلام آباد ۔ 16 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا کہ ہندوستان اورپاکستان کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے امن کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے تاکہ دونوں ممالک کے عوام ’’اپنے قائدین کو اچھے الفاظ سے یاد کریں‘‘۔ وزیراعظم مودی سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کو جنگیں اور اختلافات پس پشت ڈال کر امن کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی امن کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ انہیں باہمی اختلافات کو امن کیلئے رکاوٹ بننے نہیں دینا چاہئے ۔ وزیراعظم پاکستان کے دفتر سے اردو میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی نے نواز شریف کو ٹیلیفون کیا تھا اور رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے باہمی دوستانہ اور پرامن تعلقات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔