اسلام آباد ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف کل سے بحرین کے دو روزہ دورہ پر روانہ ہورہے ہیں جہاں پاکستانی شہریوں کی تعداد تقریباً 1,00,000 بتائی گئی ہے۔ نواز شریف شاہ بحرین کے ساتھ معاشی اور سیاسی تعاون کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ اور وزیراعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ نے نواز شریف کو مملکت کے دورہ کے لئے مدعو کیا ہے۔ دفترخارجہ کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ نواز شریف شاہ بحرین کے علاوہ اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ وفد کی سطح پر بات چیت کے علاوہ شاہ بحرین سے علحدہ ملاقات کے دوران مختلف زمروں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا جائے گا جن میں توانائی تعاون، افرادی قوت روزگار، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ دفاع کے موضوعات زیربحث آئیں گے۔ دو روزہ دورہ پر نواز شریف کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ تقریباً ہر شعبہ میں پاکستان اور بحرین کے بہترین دو رخی تعلقات ہیں۔