اسلام آباد، 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستان میں نئی حکومت کے قیام کے فوراً بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ بحال ہو جائیں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے یہ بات کل یہاں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ہندوستان کے نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے متعلق فیصلہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ اگر وزیراعظم نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کی تو ان کا نمائندہ اس تقریب میں ضرور شریک ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے
کہ ہندوستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات جلد شروع ہوں تاکہ دونوں ممالک خطے میں پائیدار امن کیلئے اپنے کردار کو یقینی بناسکیں۔ حال ہی میں دو ہندوستانی صحافیوں کی ملک بدری کے متعلق ایک سوال کے جواب میں تسنیم نے کہا کہ یہ معاملہ وزارت اطلاعات سے متعلق ہے۔ انھوں نے کہا کہ مذکورہ صحافیوں کے ویزے کی مدت ختم ہوچکی تھی اور ویزے کی مدت میں اضافہ نہ کرنا وزارت خارجہ کا مسئلہ نہیں اورنہ ہی یہ وزارت براہ راست کسی صحافی کو ویزا جاری کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ پاکستان میں دونوں ہندوستانی صحافیوں کو کام کرنے کی نہ صرف اجازت تھی بلکہ انھیں تمام تقریبات میں مدعو کیا جاتا تھا جہاں مقامی صحافی شرکت کرتے تھے۔