اسلام آباد ، 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور ان کے چھوٹے بھائی و چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف کو آج 14 سال پرانے غیرقانونی رقمی لین دین کیس میں تمام الزامات منصوبہ سے بری کردیا گیا جبکہ یہ رولنگ پریشانیوں میں گھرے برادران کیلئے بڑی راحت کے طور پر سامنے آئی۔ شریف برادران پر اپنے عہدہ کا بیجا استعمال کرنے اور اپنے وسائل سے کہیں متجاوز دولت اکھٹا کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ سابق فوجی حکمران پرویز مشرف جنہوں نے نواز شریف کو 1999ء معزول کیا، انہوں نے یہ مقدمات 2000ء میں قائم کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ برادر جوڑی نے 1990 کے دہے کے اواخر کے دوران غیرقانونی رقمی لین دین کیلئے ایک پیپر مل کو بطور آڑ استعمال کیا تھا۔ جسٹس انور احمد نے ان الزامات کو سیاسی مقصد براری قرار دیا اور کیس کالعدم کردیا۔