اسلام آباد ۔ 28 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف کی آئندہ ہفتے لندن میں اوپن ہارٹ سرجری ہو گی۔ اس بات کی تصدیق وزیرِ اعظم کی بیٹی مریم نواز نے ٹوئٹر کے ذریعے کی۔ٹوئٹر پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سرجری منگل کو ہوگی جبکہ وہ اسپتال میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انھیں اجازت دیں گے نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔اس موقع پر انھوں نے پاکستانی عوام سے وزیراعظم کی صحت یابی کی بھی اپیل کی۔ پاکستان کے وزیرِ اعظم کے ایک ترجمان نے وزیرِ اعظم کی صحت کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ان کے پہلے آپریشن کے بعد انھیں کچھ ’پیچیدگیوں‘ کا سامنا تھا۔اس سے قبل 2011 ء میں نواز شریف کو لندن میں انجیو گرافی کے دوران پیچیدگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سرکاری طور پر تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری اور ان کی مکمل صحت یابی کے دوران امورِ حکومت کون چلائے گا؟۔