نئی دہلی ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے کل بی جے پی ایم پی ہیما مالنی اور ان کے شوہر اداکار دھرمیندر نے ہوٹل میں ملاقات کی جہاں مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی ۔ دھرمیندر اور ہیما مالنی تقریباً نصف گھنٹے تک نواز شریف کے ساتھ رہے ۔ نواز شریف کی یہ خوبی ہے کہ وہ بالی ووڈ کے فلمی ستاروں میں بھی بیحد مقبول ہیں۔ انہوں نے دھرمیندر اور ہیما مالنی کی کئی فلمیں بھی دیکھی ہیں ۔ جب ان کی روانگی کا وقت ہوا تو عین اس وقت بی جے پی کے پٹنہ صاحب سے منتخب ا یم پی شتروگھن سنہا بھی ہوٹل پہنچ گئے جہاں انہوں نے کچھ وقت نواز شریف کے ساتھ گزارا جس کی وجہ سے نواز شریف کی روانگی میں معمولی تاخیر بھی ہوئی ۔ یاد رہے کہ شتروگھن سنہا ہند و پاک کے اچھے تعلقات کی ہمیشہ تائید کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کئی سال قبل پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے صدر پا کستان مرحوم ضیاء الحق کی مہمان نوازی سے محظوظ ہوئے تھے۔
آکاش میزائیلز کو آزمائشی طور پر کامیابی سے داغا گیا
بالاسور (اڈیشہ) ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ڈی آر ڈی او نے اڈیشہ میں بالاسور کے ساحل سے ایر ڈیفنس میزائیل آکاش کو کامیابی کے ساتھ داغا۔ انٹیگریٹیڈ ٹسٹ رینج (آئی ٹی آر) چاندی پور سے تین آکاش میزائیل داغے گئے، جو اپنے نشانہ پر لگے۔ ڈی آر ڈی او نے یہ میزائیلز تیار کئے ہیں۔ وزیر دفاع کے سائنسی مشیر اویناش چندر نے اس کامیاب مظاہرہ پر ڈی آر ڈی اور دیگر ایجنسیوں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف انڈسٹریز آکاش سسٹم کی تیاری میں مصروف ہیں اور مطلوبہ نتائج برآمد ہورہے ہیں۔