اسلام آباد 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے آج وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے قریبی افراد خاندان کو ایک قدیم رشوت مقدمہ میں بری کردیا ہے ۔ ایک ہفتہ قبل ہی نواز شریف اور ان کے افراد خاندان کے خلاف 24 سالہ قدیم رشوت کے مقدمہ کو خارج کردیا گیا تھا ۔ راولپنڈی میں ایک انسداد کرپشن عدالت نے اتفاق فاونڈری کیس میں نواز شریف اور افراد خاندان کی برات کا اعلان کیا ۔ یہ مقدمہ 2001 میں درج کیا گیا تھا ۔ جیو ٹی وی نے یہ اطلاع دی۔ انسداد کرپشن عدالت کے جج سہیل نصیر نے قومی احتساب بیورو کی اس درخواست کو مسترد کردیا کہ اس مقدمہ کی دوبارہ سمایعت کی جائے ۔ ریڈیو پاکستان نے اطلاع دی ہے کہ عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اپنا فیصلہ سنایا ۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی اس مقدمہ کی دوبارہ سماعت کی درخواست کو مسترد کردیا تھا ۔