اسلام آباد ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کے حوالے سے دی جانے والی درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔واضح رہے کہ نیب نے پہلے ہی ریفرنس میں نامزد ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ سے رجوع کر رکھا ہے۔جمعرات کو سماعت میں شرکت کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر بھی احتساب عدالت میں موجود تھے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے نیب کے تینوں ریفرنسز میں حاضری سے متعلق استثنیٰ کی درخواستیں دی ہوئی تھیں۔استثنیٰ درخواستوں کے ہمراہ نواز شریف کی علیل اہلیہ کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جو کہ اس وقت لندن میں زیر علاج ہیں۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استدعا کی کہ رپورٹ کے مطابق کلثوم نواز کی کیمو تھراپی مکمل ہو چکی لیکن ریڈیو تھراپی ہونا باقی ہے اور نواز شریف اور مریم نواز کو لندن جانے کی اجازت دی جائے۔ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز جو لندن میں زیر علاج ہیں ان کی حالت بہتر ہونے کے بجائے بگڑتی چلی جا رہی ہے۔