حکومت اور مقامی لیڈروں سے لائبریری قائم کرنے طلبہ کی اپیل
حیدرآباد ۔29 اگست( سیاست نیوز ) ۔ یہ بات ہم سب جانتے ہیں کہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی کے لئے تعلیم بہت ضروری ہوتی ہے ۔اس لئے حکومت ہند نے ہندوستانی طلباء کو تعلیم کے میدان میں اپنے جوہر دیکھانے کے لئے کئی طرح کی Schemes روشناس کروائیں ہیں۔ مرکزی حکومت کی اسکالرشپ ہو یا بنک لون کی سہولت یہ سبھی طلباء کے لئے تعلیم حاصل کرنے میں معاون ثابت ہورہی ہیں۔لیکن شہر حیدرآباد میں تعلیم کے لئے خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی ہے۔خاص طور سے پرانے شہر کے لوگوں میں تعلیم کے تیئں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہاں کے طلباء کو تعلیمی میدان کی تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔پرانے شہر کے گنجان آبادی والے کئی علاقوں میں طلباء کے لئے لائبریری کی سہولت نہیں ہے جس کی وجہ سے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔حلقہ اسمبلی بہادر پورہ کے بلدی ڈیوژن نواب صاحب کنٹہ میں لائبریری موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے یہاں کے طلبا و طالبات کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں موجود طلباوطالبات کو دوردراز مقامات کی لائبریریوں کو جاکر اپنی تعلیمی ضروریات مکمل کرنی پڑ رہی ہے۔اس علاقے میں لائبریری نہ ہونے سے خاص طور پر طالبات کا نقصان ہورہا ہے ۔ طالبات کو تعلیمی ضروریات مکمل کرنے کے لئے دوردراز مقامات جانے کے لئے والدین کی جانب سے اجازت نہیں مل رہی ہے ۔ مجبور ہو کر طالبات کو گھروں پر ہی پڑھائی مکمل کرنا پڑتا ہے۔پچھلے بیس سالوں میں اِس علاقہ کی عوام میں تعلیم کے تئیں کافی بیداری دیکھی جارہی ہے۔ہزاروں کی تعداد میں موجود خاندانوں کے ہر ایک گھر سے 5 سے بھی زیادہ طالب علم آسانی مل جائیں گے۔اسکول ، کالج اور یونیورسٹی کے علاوہ دیگرزمروں کے طالب علموں کی نواب صاحب کنٹہ میں بھر مار پائی جارہی ہے۔ایسے میں طلبہ کو لائبریر ی کی سخت ضرورت محسو س ہورہی ہے۔شہر حیدرآباد میں سرکاری لائبریر یاں موجود ہیں لیکن اس علاقے سے کافی دور ہیں۔لیکن نواب صاحب کنٹہ کے طلبا وطالبات کے لئے لائبریر ی کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کو کافی نقصان اٹھانا پڑرہاہے۔طلبا و طالبات کوتعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتو ں کا لوہا منوانے کے لئے مختلف کتابوں کا مطالعہ کرنا ضروری ہے ۔یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ یہ علاقہ پرانے شہر کا ایک پسماندہ علاقہ ہے۔جہاں پر غریب لوگ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔ایک انٹر میڈیٹ کے طالب علم نے ہمیں بتایا کہ اگر یہاں لائبریر ی ہوتی تو ہمیں پڑھنے کے لئے کئی کتابیں مل جاتی اور علم میں اضافہ ہوتا ۔ اس کے علاو ہ امتحانات کی تیاری میں لائبریر ی ایک اہم رول ادا کرتی ہے۔عوامی لائبریر یوں میں کتابوں ، مسوادات ،Rare بُکس، نقشے، تصاویر ، دیگر اہم ثقافتی دستاویزات وغیرہ موجود رہتے ہیں۔ لائبریری کے ذریعہ ایک قاری کے لئے مختلف کتابیں اور نیوز پیپرس دستیاب رہتے ہیں۔اردو میڈیم کے سرکار ی اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی ایک طالبہ نے کہا ہے کہ لائبریر ی میں نئی نئی کتابیں آتی رہتی ہیں جو غریب لوگوں کی خرید سے باہر ہوتی ہیں،اور لائبریر ی میں پرامن ماحول ہونے کی وجہ سے پرامن طریقے سے پڑھنے میں مدد حاصل ہوتی ہے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ لائبریر ی میں کمپوٹر کی سہولت بھی ہوتی ہے جس کے ذریعہ دنیا کی تمام معلومات حاصل کی جاسکتی ہیںاور مسا بقتی امتحانات کی تیاری کے لئے ہمیں لائبریر ی کی کمی محسوس ہوری ہے۔لائبریر ی کی کتابیں پڑھنے والے طالب علموں کی افرادی قوت بہت اچھی ہوتی ہے،علم میں وسعت پیدا ہوجاتی ہے، احساس کمتری دور ہوجاتی ہے اور دنیا کے کسی بھی مسابقتی امتحان میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت آجاتی ہے۔ اس لئے نواب صاحب کنٹہ کی غریب عوام نے اپنے بچوں کی بہتر تعلیم اور اُن کے درخشاں مستقبل کے لئے ریاست کے Public لائبریر یز کے ڈائرکٹر سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد ایک عصری لائبریر ی نواب صاحب کنئہ میں قائم کریں تا کہ طلباء کو فائدہ حاصل ہوسکے۔ یہاں کے غریب طلباو طالبات نے مقامی لیڈروں سے درخواست کی ہے کہ اس علاقے میں لائبریر ی قائم کرنے کیلئے موثر نمائندگی کریں اور ایک عصری لائبریر ی بنائیں تاکہ ملت کے نوجوانوں کو تعلیمی میدا ن بلند مقام حاصل کرنے میں مدد فراہم ہوسکے۔