حیدرآباد۔/3 فروری، ( پریس نوٹ ) برصغیر میں منعقد ہونے والے مشاعروں میں اردو زبان کے وقار کا ترجمان نواب شاہ عالم خان یادگار کُل ہند مشاعرہ 16 فروری کو شام 7:30 بجے انوارالعلوم کالج ملے پلی میں منعقد ہوگا۔ نواب محبوب عالم خان معتمد اعزازی انوارالعلوم ایجوکیشن اسوسی ایشن کے بموجب شاعری اور فن شاعری کے بلند اقدار کی ترجمانی کے سبب ساری اردو دنیا میں اپنی منفرد پہچان بنانے والی شخصیت وسیم بریلوی رکن قانون ساز کونسل مشاعرہ کی صدارت کریں گے۔ ان کے علاوہ نامور شعراء منور رانا، منظر بھوپالی، نواز دیوبندی، محترمہ لتا حیا ، انا دہلوی، اقبال اشہر، جموں و کشمیر کے توصیف تابش ، لکھنؤ کے عادل رشید، لوک سریواستو اور طنز و مزاح کے مشہور شاعر پاپلر میرٹھی نے شرکت کی توثیق کی ہے۔ جناب جاوید اختر اور محترمہ شبانہ اعظمی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ دکن کی ادبی ، سماجی، تہذیبی اور صنعتی ترقی کی نمائندہ شخصیت نواب شاہ عالم خان نے اردو ادب کی ترویج و ترقی و فروغ میں نصف صدی سے زائد بے شمار تنظیموں کی سرپرستی کرتے ہوئے دو سال قبل اپنی زندگی ہی میں اپنی نگرانی میں عملی تمثیل کے طور پر اس یادگار اردو مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا تھا۔