حیدرآباد ۔ /6 اگست (پریس نوٹ) نواب شاہ عالم خان انجنیئرنگ کالج بی ٹیک کے نئے بیاچ کے طلباء کا اورینٹیشن پروگرام /5 اگست کو کالج میں منعقد ہوا ۔ جس میں طلباء ، اولیائے طلباء ، اساتذہ نے شرکت فرمائی ۔ طالبعلم محمد عرفات الدین کی تلاوت قرآن مجید سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ اعزازی معتمد نواب محبوب عالم خاں نے اپنے خطاب میں ملک کے بگڑتے ہوئے حالات کے تناظر میں کہا کہ آج مسلمان اِس ملک میں باعزت زندگی صرف حصول علم کے ذریعہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے لئے اس کالج میں قابل ترین اساتذہ ہیں ۔طلباء اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز کرکے اپنا اور اپنے خاندان کا مستقبل تابناک بناسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جے این ٹی یو ایچ نے رواں سال سے طلباء کی بائیو میٹرک حاضری کو نافذ کیا ہے جس سے توقع ہے کہ طلباء کی کلاسوں میں حاضری بڑھے گی ۔ پرنسپل کالج ڈاکٹر محمد یوسف علی نے طلباء کو JNTUH کے نافذ کردہ نئے اصول و ضوابط سے واقف کروایا اور کلاسوں میں باقاعدہ حاضری پر زور دیا ۔ صدر جلسہ جناب نریندر ریڈی ، چیف انجنیئر آبپاشی تلنگانہ نے اپنے کلیدی خطبے میں کالج کے معیار کی ستائش کی ۔ مہمانان اعزازی چندر لنگم ڈائرکٹر آف ایجوکیشن جے این ٹی یو ایچ اور جناب احمد بیگ ڈائرکٹر انوارالعلوم ایجوکیشن سوسائیٹی نے طلباء کو مفید مشورے دیئے ۔ طالبعلم محمد فیض الدین نے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹس اور سینئر اساتذہ کا تعارف کرایا اور طالب علم محمد عاقب جنیدی نے ہدیہ تشکر پیش کیا ۔