نوئیڈا۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) پولیس کے مطابق گوتم بدھ نگر کے مقام پارٹی چیف کی ہلاکت کے 12 گھنٹے بعد چند نامعلوم افراد نے سماج وادی پارٹی لیڈر برج پال راٹھی کو جب وہ اپنے گھر رات کو واپس لوٹ رہے تھے، گولی ماردی جس کے باعث ان کے ایک ہاتھ میں گولی لگی جس کے فوری بعد ان کو مقامی دواخانہ میں شریک کردیا گیا جہاں پر ان کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ یہ واقعہ کل پٹلا چوک علاقہ میں پیش آیا۔ نامعلوم افراد گولی مارنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ واقعہ سورج پور پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔ اس سے قبل سماج وادی لیڈر کو پولیس نے تحفظ فراہم کیا تھا لیکن حالیہ دنوں میں اس کو واپس لے لیا گیا۔