سشما سوراج کی آدتیہ ناتھ سے بات چیت، تحفظ کیلئے کارروائی پر زور
گریٹر نوئیڈا ؍ نئی دہلی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی سے متصلہ اترپردیش کے علاقہ گریٹر نوئیڈا میں افریقی طلبہ پر حملوں کے ضمن میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان حملوں کے سبب اس علاقہ میں افریقی طلبہ کے تحفظ و سلامتی کے بارے میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ جس کے نتیجہ میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے فی الفور کارروائی کا وعدہ کیا۔ افریقی طلبہ کے ان سے رجوع ہونے کے بعد سشما سوراج نے اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے بات چیت کی۔ ان طلبہ نے صورتحال کو جان کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے فی الفور کارروائی کی درخواست کی۔ وزارت خارجہ نے ان حملوں کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ نائجیریا کے چار طلبہ پر گریٹر نوئیڈا کے رہنے والوں نے گزشتہ روز حملہ کردیا جب وہ این ایس جی بلیک کیاٹس انکلیو میں گزشتہ روز بھاری مقدار میں منشیات کے استعمال کے نتیجہ میں ہلاک ہونے والے ایک 17 سالہ لرکے منیش کی یاد میں تعزیتی جلوس نکالا جارہا تھا۔ واضح رہے کہ 12 ویں جماعت کے طالب علم منیش کی موت کے ضمن میں پولیس نے نائجیریا کے چند طلبہ کو گرفتار کیا تھا لیکن ثبوت نہ ملنے کے سبب اُنھیں پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔ نائجیریا کے افراد کی رہائی کے خلاف مقامی افراد نے احتجاجی جلوس منظم کیا تھا۔ تشدد کا راستہ اپناتے ہوئے ان جلوسیوں نے اپنے حملے میں نائجیریا کے چار طلبہ پر حملہ کرتے ہوئے اُنھیں زخمی کردیا تھا۔