نندی گاؤں ضمنی انتخابات، کانگریس امیدوار کا پرچہ نامزدگی داخل

حیدرآباد۔/27اگسٹ، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے اسمبلی حلقہ نندی گاؤں (محفوظ درج فہرست طبقات ) سے کانگریس نے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے حالانکہ حکمراں تلگودیشم پارٹی نے متفقہ انتخاب کو یقینی بنانے کی کوشش کی تھی۔ تلگودیشم پارٹی کے رکن اسمبلی ٹی پربھاکر آندھرا پردیش کی پہلی اسمبلی کیلئے اپنے انتخاب کے اعلان کے فوری بعد قلب پر حملہ کے سبب فوت ہوگئے تھے جس کے بعد یہ نشست مخلوعہ ہوگئی جہاں 13سپٹمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے تلگودیشم پارٹی نے آنجہانی پربھاکر کی دختر سومیا کو نامزد کیا ہے جو سافٹ ویر انجینئر ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے بھی اپنا امیدوار میدان میں نہ اُتارنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم کانگریس نے تلگودیشم امیدوار کے خلاف مقامی دلت لیڈر بی بابو راؤ کو نامزد کیا ہے جنہوں نے آج چار دیگر آزاد امیدواروں کے ساتھ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔