نندیال میں ضمنی انتخابات ، وائی ایس آر کانگریس کی مہم میں شدت

حبیب اللہ اور محمد اسماعیل کی پارٹی میں شمولیت ، تلگو دیشم پارٹی کے احتجاجی مظاہرے
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے حلقہ اسمبلی نندیال میں منعقد شدنی مجوزہ ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کے ساتھ انتخابی مہم میں تیزی پیدا ہوگئی ہے ۔ بالخصوص وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرچکی ہے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین و کارکنوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ پارٹی میں بعض نامور اقلیتی قائدین کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی کے ایک حصہ کے طور پر سابق صدر ضلع وقف کمیٹی مسٹر محمد اسماعیل نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں اپنی شمولیت اختیار کی ۔ اس موقعہ پر مسٹر شلپا موہن ریڈی وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی نندیال کے علاوہ شلپا چکرا پانی ریڈی سابق رکن قانون ساز کونسل رویندر ناتھ ریڈی رکن اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی و دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تاحال حلقہ اسمبلی نندیال میں ضمنی انتخاب کے پیش نظر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ایکدوسری پارٹیوں میں دل بدل کرتے ہوئے اپنے سیاسی موقف کو مستحکم بنانے کے لیے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ گذشتہ دن جگن موہن ریڈی کی موجودگی میں صدر سوشیل ڈیموکرٹیک پارٹی آف انڈیا مسٹر حبیب اللہ نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے اس کے علاوہ سال 2014 میں حلقہ اسمبلی نندیال سے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے انتخاب میں حصہ لینے والے مسٹر جے راکیش ریڈی نے بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے تھے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ذرائع کے مطابق جگن موہن پر عوام نے بھر پور بھروسہ و اعتماد کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کی تعداد میں قابل لحاظ اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی قائدین کے دلوں کی دھڑکن میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے ۔ اس کے علاوہ حلقہ اسمبلی نندیال میں جگن موہن ریڈی کے گذشتہ دنوں منعقدہ جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے ڈر و خوف پیدا ہوجانے کے باعث اب تلگو دیشم پارٹی قائدین سڑکوں پر دھرنے و احتجاجی پروگرامس منظم کررہے ہیں ۔ مسٹر کے پارتھا سارتھی قائد وئی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی نے ضلع کرنول میں دئیے گئے 28 تیقنات کی تکمیل سے متعلق ریاستی وزراء بھی جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں ۔ انہوں نے برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی قائدین پر زور دیا کہ اگر تلگو دیشم پارٹی میں ہمت و اخلاقی اقدار ہوں تو وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے انحراف کر کے برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ پیش کروانے کا چیلنج کیا ۔۔