حیدرآباد /25 اپریل ( سیاست نیوز ) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے حلقہ اسمبلی نندیال کے ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرکے اس کی ذمہ داری وزیر اطلاعات مسٹر کے سرینواسلو اور انچارج حلقہ لوک سبھا نندیال وائی ایس چودھری کو سونپی ہے ۔ چیف منسٹر کی قیام گاہ پر پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس میں مسٹر نائیڈو نے نندیال کے ضمنی انتخابات کے تعلق سے غور و خوص کیا ۔ بعد ازاں نائیڈو نے کرنول کے انچارج وزیر مسٹر کے سرینواسلو اور انچارج تلگودیشم وائی ایس چودھری کو حلقہ کا دورہ کرنے ‘ صورتحال سے واقفیت حاصل کرنے اور حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ پارٹی باوثوق ذرائع نے کہا کہ ضمنی انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی ترقیاتی کاموں کیلئے سنگ بنیاد رکھنے اور مکمل شدہ کاموں کے افتتاحی پروگراموں کو منعقد کرکے عوام کی تائید حاصل کرنے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک طرف چیف منسٹر ترقیاتی کاموں کے فوائد کو عوام تک پہونچانے حکمت عملی و منصوبہ جات مرتب کر رہے تو دوسری طرف پارٹی ٹکٹ کیلئے مسابقت کرنے والے بھوما ناگی ریڈی کے ارکان اور ایس موہن ریڈی کا گروپ ٹکٹ مل جانے کے اعلانات کی وجہ سے پارٹی کو نقصان کے خدشات سے بعض قائدین نے نائیڈو کو واقف کروایا ۔