نمونے غیر محفوظ ثابت ہونے پر میگی کیخلاف کارروائی: پاسوان

احمد آباد۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) میگی نوڈلس تیار کرنے والی غذائی اشیاء کی بڑی کمپنی نیسلے کو درپیش پریشانیوں کے دوران مرکزی وزیر اغذیہ رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ ان مسنوعات کی بنا پر اور ان افراد کے خلاف جنہوں نے اس کی تشہیر کی ہے، یقینی طور پر کارروائی کی جائے گی اگر جانچ کے بعد میگی کے نمونے انسانی استعمال کے ناقابل ثابت ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جب انہیں میگی کے مسئلہ کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی اور غذائی تحفظ و معیارات کی اتھاریٹی آف انڈیا سے کہا کہ وہ حقائق کا جائزہ لیں اور کارروائی کی پہل کریں۔ رام ولاس پاسوان نے کہا کہ محکمہ کے علاوہ انہوں نے قومی صارف تنازعات یکسوئی کمیشن کو بھی فوری کارروائی کا آغاز کرنے کی ہدایت دی ہے، کیوں کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔ علاوہ ازیںجو لوگ میگی کی تشہیر کررہے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون تحفظ صارف کی دفعہ 12(i)(d) کے تحت اور دفعہ 53 کے تحت کارروائی ممکن ہے۔ جہاں تک میگی کا تعلق ہے، یہ ریاستوں کے دائرہ کار میں شامل ہے۔ میگی نوڈلس کے مضر صحت ہونے کے انکشاف کے بعد کئی ریاستوں میں اس کے نمونے جانچ کے لئے حاصل کرلئے گئے ہیں۔ بعض ریاستوں میں میگی کے استعمال پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے اور اس کی تیار کنندہ کمپنی نیسلے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیصلہ ہونے تک بازار سے نہ صرف میگی بلکہ اپنی کمپنی کی دیگر مصنوعات بھی واپس طلب کرلے۔ نیسلے کمپنی کا ادعا ہے کہ اس کی مصنوعات مضر صحت نہیں ہیں۔

میگی تنازعہ : مرکز کا
مناسب کارروائی کا تیقن
شملہ ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت موضوع اقدام کرے گی جبکہ میگی کے نمونوں کے جانچ کی رپورٹس ریاستوں سے وصول ہوں گی۔ مرکزی وزیرصحت جے پی نڈا نے کہا کہ مرکز نے ریاستوں سے خواہش کی ہیکہ نمونہ حاصل کرے اور ان کی جانچ کی رپورٹ یکم ؍ جون تک روانہ کردیں لیکن نمونوں کے جانچ کی بروقت تکمیل نہیں ہوسکی۔ چنانچہ رپورٹس کئی ریاستوں سے ہنوز وصول نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج شام تک تمام رپورٹس وصول ہوجائیں گی اور وہ رپورٹس کی وصولی سے قبل عجلت میں کوئی کارروائی کرنا نہیں چاہتے۔ دریں اثناء میگی کے 19 نمونوں کی جانچ کی رپورٹس مرکز کو وصول ہوچکی ہیں۔

بہار میں میگی نوڈلس کے خلاف کارروائی
نمونوںکی جانچ کیلئے لیباریٹری روانہ : چیف منسٹر
پٹنہ ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج کہا ہیکہ میگی نوڈلس کے تنازعہ کی ریاستی حکومت تحقیقات کررہی ہے اور لیباریٹری میں نمونوں کے جانچ کی رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے آج یہاں ایک کتاب کی تقریب رسم اجراء کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میگی نوڈلس کے مسئلہ کا جائزہ لیا جارہا ہے اور جانچ کیلئے نمونہ روانہ کردیئے گئے ہیں۔ لیباریٹری ٹسٹ رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف ریاستوں سے یہ اطلاعات ملنے پر کہ سوئزرلینڈ کی فوڈ کمپنی نیسلے کے میگی نوڈلس میں کیمیائی اجزاء کی ملاوٹ سے مقررہ حد سے زیادہ ہے جوکہ ریاستی حکومت نے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ریاستی محکمہ صحت جوکہ مارکٹ میں فروخت ہونے والی غذا اور اشیاء کے معیارکا نگرانکار ہے۔ بہارکے مختلف مقامات سے 22 نمونے حاصل کرکے جانچ کیلئے کولکتہ کی لیباریٹری کو روانہ کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی آفیسر مکیش کیشپ نے بتایا کہ ریاست کے 12 اضلاع بشول پٹنہ، مظفرپور، بھاگلپور اور گیا میں دکانات اور میگی ڈسٹریبیوٹرس سے نمونے حاصل کرکے لیب ٹسٹ کیلئے روانہ کردیئے گئے ہیں اور لیباریٹری سے رپورٹ موصول ہوتے ہی ریاستی حکومت کارروائی کی نوعیت کا فیصلہ کرے گی۔