نمس میں طبی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات

وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کا دورہ اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ
حیدرآباد۔ یکم فبروری (سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے آج نمس کا دورہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جارہی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نمس کے ڈائرکٹر اور دیگر ڈاکٹرس کے ہمراہ مریضوں سے ملاقات کی اور علاج کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ نمس میں طبی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اسٹیم سیل سنٹرل لیباریٹری یونٹ کے قیام کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے حق میں ہے اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کی طرز پر نمس میں بھی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پہلی مرتبہ اسٹیم سیل لیباریٹری کے قیام کی تجویز ہے اور یہ یونٹ نمس میں قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل لیباریٹری سسٹم کے تحت اسٹیم سیل شعبہ کام کرے گا۔ یہ دونوں شعبے جات عوام کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے زیر تعمیر اسٹیم سیل ریسرچ سنٹر کا جائزہ لیا۔ بون میارو ٹرانسپلانٹ یونٹ اور سنٹرل لیباریٹری کے شعبہ جات کا بھی وزیر صحت نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لکشما ریڈی نے کہا کہ نمس میں مرحلہ وار طور پر مزید عصری خدمات کو متعارف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن نئے شعبہ جات کے قیام کی تیاریاں جاری ہیں ان سے نمس کا شمار بہتر خدمات فراہم کرنے والے اداروں میں ہوگا اور عوام کو سہولت ہوگی۔ وزیر صحت نے ایمرجنسی وارڈ میں جڑچرلہ سے تعلق رکھنے والے راما سوامی، میڑچل کے صدام حسین، ناگرکرنول کے بالیا اور دیگر مریضوں کی عیادت کی اور ان کے علاج کی تفصیلات حاصل کی۔ ڈاکٹرس نے وزیر صحت کو مریضوں کو فراہم کی جارہی ادویات اور طریقہ علاج سے واقف کروایا۔ نمس ڈائرکٹر منوہر نے ادارے میں متعارف کیے جانے والے نئے شعبہ جات اور ترقیاتی پروگراموں کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے پی جی ہاسٹل کو عصری بنانے کے اقدامات سے بھی واقف کروایا۔ نمس کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ستیہ نارائنا اور دیگر ڈاکٹرس اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے نمس کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔