حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ حکومت سرکاری ہاسپٹلس عثمانیہ ، نمس اور گاندھی میں انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے لیے آپریشن تھیٹرس کو عصری تقاضوں سے لیس کیا گیا ہے ۔ اور کئی کامیاب آپریشن بھی کئے گئے ہیں ۔ اسمبلی میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ پہلے انسانی اعضا کی پیوندکاری صرف دولت مندوں تک محدود تھی ۔ تاہم چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر سرکاری ہاسپٹلس میں غریب عوام کے اعضا کی پیوندکاری کرنے کے بعد مفت ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔ خانگی ہاسپٹلس میں کی جانے والی انسانی اعضا کی پیوندکاری کو بھی بڑی حد تک آروگیہ شری سے جوڑ دیا گیا ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں اعضا کی پیوندکاری کے لیے ماہرین ڈاکٹرس کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں لیور سنٹر قائم کرنے پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔۔