نماز کی پابندی سے ہر مرض سے حفاظت، نماز ہی سب سے بڑا یوگا

ورلڈ یوگا اور آروگیہ کے مجوزہ کنونشن پر پوسٹرس کی رسم اجراء، جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔23مئی(سیاست نیوز)کم عمری سے پانچ وقتہ نماز کا عادی شخص بڑھاپے کی عمر میں بھی ہرقسم کے جسمانی درد وں اور امراض سے محفوظ رہتا ہے اور پانچ وقتہ نمازی کو کبھی بھی جوڑوں کے درد یا گٹھیا کے مرض کی شکایت نہیں ہوتی اور پانچ وقت کی نماز کی پابندی دنیا کا سب بڑا یوگا ہے۔ آج یہاں نمائش میدان میںورلڈ یوگا اور آروگیہ کنونشن کے بروچر کی رسم اجرائی کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جناب محمدمحمود علی نے کہاکہ تیز رفتار دور میں لوگوں کو اپنی صحت کا خیال رکھنے کی بھی فرصت نہیں ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ رات میںدیر تک جاگنا او ردیر رات گئے مسالے دار کھانوں کا استعمال کرنے کی وجہہ سے نت نئے امراض کا لوگ شکار ہوتے جارہے ہیں۔شوگر‘ بلڈ پریشر‘ دل کے امراض‘ ہائپر ٹینشن جیسے بیماریوں کے علا ج ومعالجہ میںاستعمال ہونے والے ایلوپیتھک ادویات سے اختلاج‘ بدہضمی جیسے امراض لوگوں کی پریشانیوں میںاضافہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسالے دار غذائوں کے استعمال سے پرہیز کے علاوہ یونانی اور آیورویداکی دوائوں کا استعمال کرنے سے نئے امراض پر قابو پانے کاکام کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوگاکے روزانہ استعمال سے بلڈ پریشر ‘ شوگر کے امراض پر آسانی کے ساتھ قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہراسکول میں یوگاکو لازمی کرنے سے بچوں میںیوگا سے متعلق شعور بیداری ہوگی۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس میںیوگا کو لازمی کرنے سے متعلق وہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر رائو سے نمائندگی کریں گے۔ جناب محمدمحمودعلی نے ایلوپیتھک ادویات کے بجائے یونانی اور آیورویدک دواؤںکے فروغ کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ یونانی ادویا ت کے استعمال سے انسان کی صحت پر مضر اثرات نہیںہوتے جبکہ ایلوپیتھک ادویات کے استعمال سے انسانی جسم پر مضراثرات کا قوی خدشہ لاحق ہے۔جناب محمد محمودعلی نے کہا تلنگانہ میںشعبہ طب اور تعلیم پرکارپوریٹ طبقے کی غیر معمولی اجارہ داری کو ختم کرنے کے لئے ریاست کے سرکاری دواخانوں اور اسکولس وکالجس کی ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میں آندھرائی سرمایہ داروں نے علاقہ تلنگانہ میںخانگی دواخانوں اور تعلیمی اداروں کو اس قدر تقویت پہنچایا کہ علاقہ تلنگانہ کا مذکورہ نظام پوری طرح تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ سرکار ی دواخانوں میںیونانی اور آیوش طریقے علاج کو فروغ دیتے ہوئے یونانی اور آیوش شعبے کی ترقی کو یقینی بنانے حکومت تلنگانہ کام کریگی۔جناب محمد محمود علی نے 18 تا21جون کو نمائش میدان پر منعقدہونے والے ورلڈ یوگا اور آروگیہ کنونشن کے کامیاب انعقاد کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے مذکورہ کنونشن کے انعقاد میں مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا۔