نماز کی پابندی خطرناک بیماریوں سے بچاتی ہے : ڈی سریال ریڈی

گیہوں کی گھاس کے جوس کی اہمیت پر 71 سالہ محقق کے لکچر کا انعقاد
بیماریوں سے بچنے ، صحت مندانہ طرز زندگی کو یقینی بنانے جناب زاہد علی خاں کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : انسان اگر کھانے پینے میں احتیاط برتے اور زندگی کے ہر معاملہ میں میانہ روی اختیار کرتے ہوئے صحت مند عادتوں کو اپنائے تو بیماریاں اس سے دور رہتی ہیں ہماری صحت کو نقصان پہنچانے میں مرغن غذاؤں کے بے تحاشہ استعمال کا اہم رول ہے ۔ اس وجہ سے سرکاری اور خانگی ہاسپٹلوں میں شوگر بی پی ، امراض قلب ، ذہنی تناؤ اور جلدی امراض سے متاثرہ مریضوں کی کثیر تعداد دیکھی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار روزنامہ سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں ’’ گیہوں کی گھاس کے جوس کی اہمیت ‘‘ کے زیر عنوان منعقدہ ڈی سریال ریڈی کے لکچر کے موقع پر اپنے خطاب میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے کیا ۔ سیاست کے زیر اہتمام منعقدہ اس لکچر کی سماعت کے لیے مرد و خواتین کی کثیر تعداد امڈ پڑی تھی اور محبوب حسین جگر ہال اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا ۔ جناب زاہد علی خاں نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ خراب غذائی عادتوں کے باعث لوگ خطرناک بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ۔ علاج اور ادویات مہنگے ہونے کے نتیجہ میں عام آدمی کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔ کسی کا بیمار پڑنا بھی ایک بہت بڑی آزمائش ہے ۔ ایسے میں لوگ سنت نبویؐ پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو صحت مند بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے شرکاء کو یاد دلایا کہ شادی بیاہ میں دولت مند ماں باپ ہمہ قسم کی غذائی ڈشس سے مہمانوں کی تواضع کررہے ہیں اگر وہ اپنے بچوں کی شادیوں کے موقع پر اسراف سے بچتے ہوئے کسی ایک دختر ملت کی شادی کی ذمہ داری لیتے ہیں تو معاشرہ میں ایک صحت مند انقلاب برپا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج عوام کو سستی ادویات کی ضرورت ہے ایسی دوائیں جو بآسانی دستیاب ہوں اور جڑی بوٹی کی دوائیں اپنی ایک علحدہ پہچان اور انفرادیت رکھتی ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے سریال ریڈی کی کوششوں کی ستائش کی جو گیہوں کے گھاس کے جوس کے ذریعہ مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج کررہے ہیں ۔ ابتداء میں محمد ریاض احمد نے ڈی سریال ریڈی کا تعارف کروایا اور بتایا کہ اس 71 سالہ شخص میں خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ۔ ڈاکٹر حبیب احمد نے گیہوں اور گیہوں کی گھاس کے جوس کی طبی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ۔ ڈی سریال ریڈی نے اپنے لکچر میں کہا کہ گیہوں کی گھاس کا جوس تمام بیماریوں میں فائدہ مند ہے ۔ اس سے جہاں جوڑوں کا درد دور ہوتا ہے وہاں مرد و خواتین کو بلڈ پریشر سے راحت ملتی ہے ۔ شوگر کے مریض بھی آرام پاتے ہیں ۔ امراض نسواں میں بھی یہ بہت مفید ہے ۔ اس کے استعمال سے ان لوگوں کو بھی افاقہ ہوا جو جلدی امراض میں مبتلا تھے ۔ خون کی کمی ، قبض ، بدہضمی ، موٹاپے کا شکار مرد و خواتین کے لیے یہ اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے ۔ خواتین میں ہارمونی عدم توازن کو دور کرنے میں اس کا جواب نہیں سب سے اہم بات یہ ہے کہ گیہوں کی گھاس کا جوس پینے والوں کے مدافعتی نظام Immune system میں اضافہ ہوتاہے اس طرح کینسر کے مریضوں کے لیے بھی اس میں شفاء ہے ۔ یہ جسم کی نس نس سے زہریلے و فاسد مادوں کی صفائی کرتا ہے اور خلیوں میں آکسیجن پہنچاتا ہے ۔ مسٹر ڈی سریال ریڈی نے اپنے لکچر میں یہ بھی بتایا کہ انسان خود کو صحت مند رکھنے کے لیے ورزش کرے اور یوگا کی عادت ڈالے ۔ تاہم جو لوگ پابندی سے نمازیں ادا کرتے ہیں وہ بیک وقت کئی ایک بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں ۔ اس طرح نمازوں کی پابندی کے ذریعہ لوگ نہ صرف دواؤں سے بلکہ خطرناک بیماریوں سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔ مرد و خواتین نے مسٹر ڈی سریال ریڈی سے کئی سوالات کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء کو اپنے گھروں میں گیہوں کی گھاس اگانے کا طریقہ بھی بتایا اور کہا کہ نہار پیٹ اس جوس کے استعمال سے آپ کئی بیماریوں پر قابو پاسکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ گیہوں کے جوس کو ڈاکٹروں کا ڈاکٹر کہا گیا ہے ۔ یہ ان لوگوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو برسوں سے زخموں میں مبتلا ہوں ۔ محمد ریاض احمد اور فیض محمد اصغر نے کارروائی چلائی ۔ لکچر میں ایک عرب مہمان ڈاکٹر عز الدین بن زغیبہ اور متحدہ عرب امارات میں مقیم مولاناسید ہاشم بھٹکل ندوی بھی موجود تھے ۔۔