روزنامہ سیاست کی تحریک کو مضبوط بنانے علماء کرام اور مذہبی تنظیموں کا اتفاق
حیدرآباد۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کیلئے 12% تحفظات تحریک پر کمربستہ مسلم قوم نے عیدالضحی کے موقع پر بھی تحریک کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روزنامہ سیاست کی جانب جاری تحریک سے متاثر علماء برادری اور ائمہ مساجد و مذہبی تنظیموں و رہنماؤں نے عید کے موقع پر مسلمانوں میں شعور بیداری کے علاوہ اللہ رب العزت سے 12% مسلم تحفظات کے حصول کیلئے خصوصی و دعاؤں و عبادات سے اتفاق کیا ہے۔ سیاست کی تحریک سے متاثر علماء برادری یعنی مدارس کے ذمہ دار اور ائمہ مساجد نے روزنامہ سیاست کی تحریک کو اپنی تائید کا اعلانکیا ہے۔ اضلاع کے مسلمانوں کے علاوہ شہری مسلمانوں نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ عید گاہوں اور بڑے اجتماعات والی مساجد پر جو بھی سیاسی قائدین ان سے ملاقات کیلئے عید کی مبارکباد دینے کے لئے آئے گا، مسلمان ان کا استقبال کرتے ہوئے انہیں 12% مسلم تحفظات کے تعلق سے استفسار کریں گے۔
برسراقتدار جماعت سے وابستہ قائدین کو چیف منسٹر کے وعدے کی یاد دہانی اور مسلمانوں کو یادداشت کے تعلق سے بیان کیا جائے گا جبکہ اپوزیشن دیگر جماعتوں کے قائدین سے مسلم کاز میں مدد کرنے کی خواہش کی جائے گی۔ مسلم مذہبی رہنماؤں نے عید کے عظیم موقع پر خطبہ و بیان اور جمعہ کے خطبہ و بیان کے علاوہ 12% مسلم تحفظات کیلئے خصوصی دعائیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روزنامہ سیاست کی جانب سے مسلم تحفظات کیلئے شعور بیداری کے چند پمفلٹ اور نمائندگیوں کے جاری متن کو عید کی نماز کے بعد تقسیم کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور مسلم نوجوان نسل اس تقسیم کے عمل میں جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہے اور ایسے افراد بھی تحریک میں سرگرم ہورہی ہیں جو اپنے بچوں کے مستقبل کے تعلق سے پریشان ہیں۔ اعلیٰ تعلیم اور بہتر سرکاری روزگار کے مواقع، تحفظات کے ذریعہ یقینی ہوسکتے ہیں۔ مسلمان تحفظات کو ترقی کے لئے ضروری سمجھتے ہیں
تاہم خود چیف منسٹر کے وعدے کے مطابق 12% مسلم تحفظات کی فراہمی کو جلد از جلد روبہ عمل لانے اور بغیر قانونی رکاوٹ بی سی کمیشن کو قائم کرتے ہوئے بی سی کمیشن کی سفارش پر تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ روزنامہ سیاست کی تحریک دن بہ دن زور پکڑ رہی ہے۔ شہر اور اضلاع میں مسلمان بھاری تعداد میں تحصیلداروں، آر ڈی او اور کلکٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے تحریری طور پر یادداشت پیش کررہے ہیں اور بی سی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ صفا بیت المال شاخ ظہیرآباد کے ایک وفد نے ظہیرآباد کے ڈپٹی تحصیلدار کو ایک یادداشت پیش کی۔ یادداشت پیش کرنے والوں میں صدر بیت المال مولانا عتیق احمد قاسمی ، جنرل سیکریٹری محمد عبدالماجد، ناظم شعبہ نشر و اشاعت محمد محبوب ،آفس انچارج محمد عرفان کے بشمول لیکچرر محمد یوسف، تلگو دیشم قائد محمد ظفر، محمد کلیم صدیق، محمد نظام الدین، عبدالکریم، محمد احمد، محمد مختار احمد، محمد جمیل احمد، محمد شریف اور دوسرے شامل تھے۔ تلنگانہ ریاست کے تمام اضلاع میں سرکاری عہدیداروں اور عوامی منتخب نمائندوں کو یادداشتیں پیش کرنے کے علاوہ مسلمانوں کی مختلف فلاحی و رضاکارانہ تنظیمیں، سوسائٹیز کے ذمہ داران اپنا اپنا اجلاس طلب کرنے روزنامہ سیاست کی 12% تحفظات کی تحریک کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کررہے ہیں۔ ضلع ورنگل کے چیریال منڈل میں مولانا نوشاد عالم کی صدارت میں یایک اجلاس منعقد ہوا جس میں روزنامہ سیاست کی 12% مسلم تحفظات کی تحریک کا خیرمقدم کیا گیا۔ اجلاس سے صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں محمد جمال شریف نے 12% مسلم تحفظات کیلئے تحریک پر روشنی ڈالی۔ تمام مسلمانوں کو اس تحریک کا حصہ بننے کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں ظہیرالدین، عبدالرحیم، احمد، رفیق کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ روزنامہ سیاست کی تحریک کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تمام قائدین جہاں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر شامل ہورہے ہیں، وہیں دینی، مذہبی انجمنیں بھی تعاون کررہی ہیں۔ علماء دین بھی تحریک میں شامل ہورہے ہیں۔ نوجوان طبقہ اور طلباء و طالبات بھی شامل ہورہے ہیں۔ گورنمنٹ ڈگری کالج نسواں سنگاریڈی کی طالبات نے مسلمانوں کو 12% تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دستخطی مہم کا آغاز کیا ہے اور تلنگانہ کے مسلمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ 12% فیصد مسلم تحفظات کی تحریک میں شامل ہوجائیں۔ (سلسلہ صفحہ 8 پر)