صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ، 2 عیدگاہوں کیلئے 7 لاکھ کی منظوری
حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) عید گاہ میر عالم میں 22 اگسٹ چہارشنبہ کو نماز عیدالاضحی کیلئے وسیع تر انتظامات وقف بورڈ کی جانب سے کئے جارہے ہیں۔ نماز عیدالاضحی صبح 9:30 بجے ہوگی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد امامت اور خطبہ کا فریضہ انجام دیں گے۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ ( جامعہ نظامیہ ) اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج مقامی عوامی نمائندوں اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ عید گاہ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس )، رکن اسمبلی معظم خاں، ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون ستیہ نارائنا، ڈپٹی کمشنر ٹریفک بابو راؤ کے علاوہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، واٹر ورکس، برقی، آر ٹی سی، آر اینڈ بی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار اس دورہ میں شریک تھے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کنٹراکٹر کو ہدایت دی کہ وہ عیدالفطر میں لاؤڈ اسپیکر سسٹم میں نقائص کو پیش نظر رکھتے ہوئے عیدالاضحی کے موقع پر تمام احتیاطی قدم اٹھائیں۔ مائیک سسٹم میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔ نماز کی تکمیل تک سارے علاقے میں بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ عیدگاہ میں وضو اور پینے کیلئے واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے پانی کی سربراہی عمل میں آئے گی۔ شہر کے مختلف مقامات سے عید گاہ تک آر ٹی سی کی خصوصی بس سرویسس کا اہتمام رہے گا۔ عیدگاہ جانے والے تمام راستوں پر صحت و صفائی کے مؤثر انتظامات کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی گئی۔ عید گاہ کے اندرونی حصہ میں بھی صفائی کا خصوصی انتظام رہے گا۔ عید گاہ کے راستے پر ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے گا تاکہ ٹریفک میںکوئی خلل نہ پڑے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عید گاہ کی اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی کا اشارہ دیا اور کہا کہ عید کے بعد اراضی کے تحفظ کیلئے قدم اٹھائے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم کو کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ عید گاہ میر عالم اور قدیم عید گاہ مادنا پیٹ میں عیدالاضحی کے انتظامات کیلئے 7 لاکھ روپئے وقف بورڈ کی جانب سے منظور کئے گئے ہیں۔ کنٹراکٹر کو ہدایت دی گئی کہ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں اور معیاری قسم کے شامیانے نصب کریں۔ اس کے علاوہ جائے نمازوں اور شطرنجیوں کا انتظام کیا جائے۔ عید گاہ کے احاطے میں مورم اندازی کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ آہک پاشی عیدالفطر کے موقع پر کی گئی تھی۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ اپنی آبادیوں میں سڑکوں پر گندگی جمع ہونے نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کا فضلہ اور دیگر ناکارہ چیزوں کو سڑکوں پر پھینکنے سے بیماریوں کا اندیشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا اور ہم اپنے طرز عمل سے دیگر ابنائے وطن کو تکلیف نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے زائد اسٹاف اور گاڑیاں تعینات کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ستیہ نارائنا نے کہا کہ امن و ضبط کی برقراری کیلئے پولیس چوکس ہے اور عیدالاضحی کے اختتام تک چوکسی برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کو صورتحال بگاڑنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دیگر عید اور تہواروں کی طرح عیدالاضحی بھی محبت اور بھائی چارہ کے ساتھ منائیں۔