ریاض ، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک خودکش بم بردار نے سعودی عرب کے مشرقی شہر دمام میں آج ایک مسجد کے پارکنگ لاٹ میں خودکو نماز جمعہ کے دوران دھماکہ سے اڑادیا، جس سے کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارہ ’ایس پی اے‘ کے بموجب خودکش بم بردار امام حسین مسجد کے باب الداخلہ پر اپنی کار کھڑی کر رہا تھا، جبکہ نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی۔ اس اثناء چوکیدار کار کے قریب پہنچے اور ان کے قریب آنے پر ڈرائیور نے خود کو بم دھماکہ سے اڑادیا۔ نیوز ایجنسی نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ
صیانتی عہدیداروں نے دہشت گردانہ حملے کی کوشش ناکام بنادی، جس کا نشانہ مصلی تھے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا خودکش بم بردار چار مہلوکین میں خود بھی شامل ہے۔ یہ دوسرا مہلک بم دھماکہ ہوا، جو ایک ہفتے میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایک عینی شاہد احمد نے نیوز ایجنسی ’رائٹرس‘ کو بتایا کہ وہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مسجد کے قریب تھا کہ بم دھماکہ کی آواز سنائی دی۔ وہ
اس دھماکہ کی وجہ نہیں جانتا۔ اس نے بتایا کہ مسجد میں موجود اس کے واقف کار افراد نے اس سے کہا کہ ایک ملازم بم بردار کے ساتھ ہلاک ہو گیا ہے، جو حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے روک رہا تھا۔ یہ بم حملہ ایک ہفتہ قبل کچھ اسی نوعیت کی کوشش کے بعد پیش آیا ہے، جبکہ سعودی عرب کے صوبہ خطیف میں نماز جمعہ کے دوران خودکش بم حملہ سے کم از کم سات افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہو گئے تھے۔