نمائش کے لیے متعلقہ محکمہ جات سے حصول اجازت لازمی

کل ہند صنعتی نمائش میں آتشزدگی واقعہ پر اجلاس ، چیف سکریٹری ایس کے جوشی کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔20مارچ(سیاست نیوز) نمائش میں پیش آنے والے آتشزنی کے واقعہ کے پیش نظر چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے آج محکمہ مال کے علاوہ محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ محکمہ پولیس ‘ محکمہ فائر اور دیگر محکمہ جات کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نمائش کے انعقاد کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکمہ جات سے اجازت کے حصول کو لازمی بنائیں اور ان تمام اجازت ناموں کی سنگل ونڈو کے ذریعہ اجرائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ عوام الناس کے لئے خصوصی صیانتی انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی کی جانب سے طلب کردہ جائزہ اجلاس میں مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ مسٹر راجیشور تیواری‘ مسٹر راجیوتریویدی معتمد داخلہ ‘ مسٹر انجنی کمار کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد‘ مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔مسٹر ایس کے جوشی نے عہدیداروں سے شہر اور اضلاع میں منعقد ہونے والی نمائش ‘ تقاریب‘ میلوں‘ سمینارس اور دیگر پروگرامس جس میں عوام کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے ایسے مقامات پر عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ فائر کی جانب سے اجازت کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کی اجازت کے لزوم کو یقینی بنایاجانا چاہئے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشروہ دیا کہ وہ ان پروگرامس کے انعقاد کیلئے اجازت ناموں کے حصول کے لئے مختلف دفاتر کے چکر سے آرگنائزرس کو محفوظ رکھنے کے لئے سنگل ونڈو متعارف کروائیں

تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مسٹر جوشی نے مستقل عمارتوں کے اجازت ناموں اور عارضی عمارتوں کے اجازت ناموں کے سلسلہ میں تفصیلات سے آگہی حاصل کرتے ہوئے صفائی اور حفاظت کے انتظامات کے علاوہ عوامی سیکیوریٹی کے سلسلہ میں تفصیلات دریافت کی اور کہا کہ ان امور کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔ مسٹر اروند کمار نے بتایا کہ نمائش میں پیش آئے واقعہ کے بعد جو اقدامات کئے گئے ہیں ان میں مستقل عمارتوں ‘ لفٹ والی عمارتوں اور دیگر عوامی مقامات میں ہنگامی صورتحال میں نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیاجارہا ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ نمائش اور میلوں کے علاوہ دیگر کے انعقاد کے لئے اجازت ناموں کا حصول لازمی ہے لیکن اب نمائش منعقد کرنے والوں ھر لازمی ہوگا کہ وہ اپنے اسٹالس کے منصوبہ سے محکمہ کو واقف کروائیں اور اس بات کی صراحت کریں کہ ہنگامی حالات میں عوام کی حفاظت کے لئے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں موجود دیگر عہدیداروں کی جانب سے بھی مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے محکمہ جاتی سطح پر کئے جانے والے اقدامات سے چیف سیکریٹری کو واقف کروایا گیا ۔