حیدرآباد ۔19 جنوری (سیاست نیوز) نمائش حیدرآبادی تاریخ کا ایک خاص حصہ تصور کیا جاتا ہے۔ نمائش (ایگزیبیشن) اب اپنے 74 ویں سال میں جاری ہے۔ نمائش کو منعقد کرنے اور نگرانی کرنے والی نمائش سوسائٹی نے اردو کے فروغ کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ نمائش میں جہاں لاکھوں افراد مشاہدہ سیر و تفریح اور خریداری کیلئے آتے ہیں۔ ان کے درمیان اردو کو پیش کرنے میں جناب مخیر حیدر نے اہم رول ادا کیا ہے۔ جناب مخیر حیدر نمائش سوسائٹی کے منیجنگ کمیٹی کے رکن ہیں اور گذشتہ 4 سال سے نمائش سوسائٹی میں اپنے عہدہ کے ذریعہ اردو کی خاموش خدمات میں جٹے ہوئے ہیں۔ سیاست نیوز سے بات چیت کے دوران انہوں نے نمائش سوسائٹی میں اردو پروگرامس اور اپنی سرگرمیوں کے تعلق سے بتایا اور کہا کہ ہر سال جس طرح نمائش سوسائٹی کے ذریعہ دیوالی اور دسہرہ ملاپ منعقد کیا جاتا ہے اسی طرح اب رمضان عیدملاپ پروگرام بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جناب مخیر حیدر کے دادا بھی نمائش سوسائٹی سے وابستہ تھے اور ان کے والد نمائش سوسائٹی کے ایلڈرس ممبرس میں سے ایک ہیں۔ اپنی زندگی کے 20 سال امریکہ میں گذارنے والے مخیر حیدر آئی ٹی شعبہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے دادا جناب مظہر حسین مرحوم عثمانیہ گریجویٹس اسوسی ایشن کے پہلے منتخبہ صدر جناب ایم حیدر ونیتا فارمیسی کالج کے خازن اور اردو پروگرامس کے انچارج ہیں۔ انہوں نے نمائش سوسائٹی میں اپنی صلاحیتوں سے نمائش کو راست دنیا بھر تک پہنچانے کا کام کیا اور اب ہر روز چار گھنٹے تک دنیا بھر میں نمائش کا راست مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ وہ اپنے اثر و رسوخ اور سوسائٹی کے ذریعہ اردو پروگرام اور پروگرامس پیش کرنے والے شعراء، ادیبوں، فنکاروں کی بھرپور ہمت افزائی بھی کرنے میں کافی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے نمائش سوسائٹی میں خدمات کے ذریعہ اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کے 75 ویں سال پلاٹینم جوبلی کے موقع پر کلچرل کمیٹی کی جانب سے منفرد خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب مخیر حیدر کو کلچرل کمیٹی کے کنوینر کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ وہ اپنی ہر ذمہ داری کو بھرپور کامیاب انداز سے پورا کریں گے۔ جناب مخیر حیدر مستقبل میں اردو کی خدمات میں مزید مثالی خدمات کا عزم رکھتے ہیں۔