نمائش آتشزدگی واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات پر زور

جماعت اسلامی وفد کا دورہ ، متاثرین سے ملاقات ، وزیر داخلہ سے بھی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : نمائش میدان میں اچانک آگ لگنے کے حادثہ کے بعد امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ مولانا حامد محمد خاں ، جنرل سکریٹری ایم این بیگ زاہد ، محمد صدیق ممبر منیجنگ کمیٹی اسلامک سوشیل سرویس سوسائٹی نے امیر مقامی گوشہ محل عبدالقدیر ، نور محمد ، فضل الدین اور دیگر ارکان و کارکنان کے ہمراہ دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی ، امیر حلقہ نے نمائش میدان میں آج کے حادثہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا ۔ اور انتظامیہ کی تساہلی اور منصوبہ بندی کے نقائص پر شدید تنقیدکی ۔ وہاں موجود متاثرین کی کثیر تعداد نے بتایا کہ پوری نمائش میں صرف ایک ہی فائر بریگیڈ تھا جس کا پانی تھوڑی دیر میں ختم ہوگیا ۔ پانی کا انتظام کرنے تک آگ پھیل چکی تھی ۔ تقریبا 200 سے زائد اسٹالس اور وہاں پر موجود بڑے بڑے ، ہرے بھرے درخت جل کر خاکستر ہوگئے ۔ حکومت نے آج نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے ایک ٹیم کو روانہ کیا ہے ۔ امیر حلقہ نے اپنے بیان میں کہا کہ نقصان کروڑوں روپیوں کا ہے ۔ ان متاثرین میں اکثریت یعنی تقریبا 170 اسٹالس کشمیری بھائیوں کے ہیں ۔ امیر حلقہ نے مقامی ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ رات کے کھانے اور ناشتے اور دیگر ضروریات کا انتظام فوری کریں ۔ حکومت اور نمائش سوسائٹی کو چاہئے کہ وہ آگ لگنے کے اسباب کا فوری پتہ لگائے اور آئندہ ایسے حادثات سے بچنے کے لیے فائر پروف روف کا انتظام کریں اور اسٹالس کی تعداد کم کریں ۔ راستوں کی توسیع کریں اور ہر اسٹال کے لیے علحدہ شارٹ سرکٹ یا کسی حادثہ کے نتیجہ میں فوری برقی منقطع ہوجائے اس کے لیے Trip Boards لگائیں ۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کو مزید مستحکم ، فعال اور منظم کرنے کیلئے سماجی اور رفاہی تنظیموں کے ذمہ داروں کو بھی نمائش سوسائٹی کے انتظامیہ میں شامل کریں ۔ آج مولانا حامد محمد خاں نے ایک وفد کے ساتھ وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی اور سوسائٹی کے صدر کو بھی نقصانات کی پابجائی کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔