واٹر حکام کی جانب سے کنکشن کاٹ دینے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ ( ایس سی بی ) میں پہلے ہی پانی کا بحران ہے جس سے عوام پریشان ہیں ۔ لیکن اب ستم بالائے ستم نلوں کے کنکشنس کاٹنے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ایس سی بی میں نلوں کے بل ایک دہے سے باقی ہیں اور حکام نے کہا ہے کہ نلوں کے بقایا جات کی رقم 20 کروڑ سے متجاوز ہوچکی ہے ۔ لہذا واٹر بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ جو افراد نلوں کے بل باقی ہیں ان کے لیے آبی سربراہی منقطع کردی جائے گی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ایس سی بی اپنے 8 حلقوں میں آبی سربراہی کے لیے حیدرآباد واٹر بورڈ سے روزانہ کئی کلو پانی حاصل کرتا ہے اور فی کلو واٹر کے لیے یہ 13.5 روپئے ادا کرتا ہے لیکن گذشتہ 10 برسوں سے پانی کے بل ادا نہیں کئے جارہے ہیں لہذا حکام نے عوام پر اب سخت اقدامات عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ایس سی بی کے واٹر اینڈ لائیٹ ڈپارٹمنٹ کے سپرنٹنڈنٹ ایم راج کمار نے کہا کہ 8 حلقوں میں گذشتہ 10 برسوں سے پانی کے بل ادا نہیں کئے جارہے ہیں اور ایسے بقایا جات کے خلاف اب سخت اقدامات کرنے کے علاوہ مخصوص ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ محلوں میں گشت کرتے ہوئے نہ صرف بقایا جات وصول کریں گے بلکہ بل کی عدم ادائیگی پر نل کا کنکشن کاٹ دیں گے ۔ راج کمار نے مزید کہا کہ عوام کی یہ شکایت ہوتی ہے کہ سکندرآباد علاقے میں 2 دن میں ایک مرتبہ کی بجائے 4 دن میں ایک مرتبہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے تو کہا کہ بلوں میں کثیر رقومات باقی رکھے جائیں گے تو کس طرح پانی فراہم کیا جائے گا بقایا جات کے لیے ’ ایک مرتبہ کی ادائیگی ‘ کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی جب کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے نلوں کے بل بھی معاف کئیے گئے تھے اور تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے باوجود کئی ایسے معاملات باقی ہیں جنہیں نوٹسیں جاری کرنے کے بعد بھی وہ بل ادا کرنے میں ناکام ہیں لہذا اب قطعی اقدام کے طور پر ان کا نل کنکشن کاٹ دیا جارہا ہے ۔۔
گاندھی ہاسپٹل کے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس چھ ماہ سے تنخواہ سے محروم
حیدرآباد۔ 23 جنوری (سیاست نیوز)حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل میں کام کرنے والے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس نے شکایت کی ہے کہ انہیں گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں ۔ حالانکہ وہ پرنسپل سپرنٹنڈنٹ اور ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن سے کئی بار نمائندگی کرچکے ہیں ۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ تنخواہ نہ ملنے سے وہ کافی مسائل سے دوچار ہیں ۔