نل کھلنے کے ساتھ ہی صارفین کے موبائل فون پر ایس ایم ایس الرٹ

حیدرآباد۔27جولائی ( سیاست ڈا ٹ کام)حیدرآباد میٹرو پولٹین واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے تقریباً 70,000 صارفین کو اگست سے ایس ایم ایس الرٹ ملیںگے اور انہیں پانی کی سربراہی کے اوقات کے بارے میں اطلاع دی جائے گی۔ اگر ایس ایم ایس الرٹ کامیاب رہا تو اسے سارے شہر تک وسعت دیدی جائے گی۔موجودہ طریقہ کار کے تحت بعض علاقوں کے لئے پانی کی سربراہی کے اوقات مقرر کئے گئے ہیں جبکہ مابقی علاقوںمیں درحقیقت نلوں کے کھلنے تک انتظار میں رہنا پڑتا ہے۔ صارفین کو تکلیف سے بچانے کے لئے واٹر بورڈ نے آپریشن اینڈ منٹیننس ڈیویژن۔ IX کے بھاگیہ نگر سیکشن ( کوکٹ پلی ہائوزنگ بورڈ کالونی) میں ایس ایم ایس کے ذریعہ چوکس کرنے اور اطلاع دینے کا تجربہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر آپریشنس حیدرآباد میٹرو پولٹین واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ جی رامیشور رائو نے ایک انٹرویو میں بتایا ’’ ہم نے ایک مہینہ کے لئے ایس ایم ایس الرٹ سسٹم کا جائزہ لیا ہے اور ہمیںمثبت فیڈبیاک ملا ہے۔ لائن مین کی جانب سے والوو کھولنے اور کسی مخصوص علاقہ میں پانی چھوڑنے کے ساتھ سے صارفین کو ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبرس پر ایس ایم ایس الرٹ موصول ہورہے ہیں۔ ‘‘انہوںنے وضاحت کی ’’متذکرہ آپریشن اینڈ منٹیننس ڈیویژن کے بھاگیہ نگر سیکشن میں ایس ایم ایس الرٹ کے کامیابی سے ہمکنار ہونے کے باعث ہماری جانب سے اب اگست سے اسے سارے آپریشن اور منٹیننس ڈیویژن میں وسعت کی جارہی ہے‘‘۔انہوںنے کہاکہ ایس ایم ایس کی سہولت میں مرحلہ وار طورپر دوسرے علاقوں تک توسیع کی جائے گی اور سارے شہر میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔