اتم کمار ریڈی کی تائید میں مسلم ذمہ داروں کا نلگنڈہ میں اجلاس
حیدرآباد۔/8 اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی ریسرچ ڈپارٹمنٹ تلنگانہ کے صدرنشین عامر جاوید نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار اتم کمار ریڈی کے حق میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے نلگنڈہ میں مختلف تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں، تاجر طبقہ اور مساجد کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی کی تائید کی اپیل کی۔ نلگنڈہ حلقہ میں اقلیتی رائے دہندوں کی تعداد 40 ہزار سے زائد ہے اور اگر وہ متحدہ طور پر ووٹ کا استعمال کریں تو کانگریس پارٹی کی باآسانی کامیابی یقینی ہوگی۔ عامر جاوید نے مسلم رائے دہی میں اضافہ کی اپیل کی اورکہا کہ سیکولر طاقتوں کے حق میں متحدہ رائے دہی ہونی چاہیئے تاکہ فرقہ پرستوں کو شکست دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ میں ٹی آر ایس کے امیدوار وی نرسمہا ریڈی نے اپنے حلف نامہ میں کئی اراضیات کی ملکیت کا دعویٰ کیا ان میں سرورنگر کی ایک اراضی شامل ہے جوکہ وقف ہے۔ اس کے علاوہ اُن پر لینڈ گرابنگ کے کئی مقدمات ہیں۔ اس طرح کی شخصیت کو لوک سبھا کیلئے ٹی آر ایس نے اپنا امیدوار بنایا ہے جو باعث افسوس ہے۔