چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کی ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس سے شکایت ، وقف آمدنی میں بے قاعدگیوں کا الزام
حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ نے نلگنڈہ میں ادارہ اقامت خانہ بہادر خاں کی منیجنگ کمیٹی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ نے اس سلسلہ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس نلگنڈہ کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں شکایت کی گئی کہ بہادر یار جنگ روڈ پر واقع ادارہ اقامت خانہ بہادر خاں کی خود ساختہ منیجنگ کمیٹی نے شاپنگ کامپلکس تعمیر کیا اور اس کی آمدنی سے غیر مجاز طور پر مستفید ہورہی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس ادارہ کے تحت 7ایکر ایک گنٹہ اراضی وقف کی گئی ہے اور اس کا اندراج وقف گزٹ مورخہ 22فبروری1990ء میں موجود ہے۔ خود ساختہ منیجنگ کمیٹی نے اس وقف جائیداد سے استفادہ کرتے ہوئے ایم پی اور ایم ایل اے فنڈز سے شاپنگ کامپلکس تعمیر کیا اور اس سلسلہ میں وقف بورڈ سے کوئی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ منیجنگ کمیٹی غیرقانونی طور پر کرایہ داروں سے کرایہ وصول کررہی ہے اور آمدنی کے حسابات وقف بورڈ کو پیش نہیں کئے جارہے ہیں۔ منیجنگ کمیٹی آمدنی اور اخراجات سے متعلق تفصیلات بورڈ کو پیش کرنے میں ناکام ہوگئی اور اس نے وقف فنڈ بھی ادا نہیں کیا۔ کرایہ کی شکل میں ہونے والی آمدنی میں بے قاعدگیاں کی گئیں۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے وقف بورڈ کے انسپکٹر آڈیٹر کو دھمکیاں دی ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سے خواہش کی گئی کہ وہ وقف ترمیمی بل کی دفعہ 52(A) اور آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کریں۔ اسپیشل آفیسر شیخ محمد اقبال نے کہا کہ ریاست بھر میں اوقافی اداروں کی آمدنی میں اضافہ کی مہم کا آغاز کیا جائے۔
قادر علی بیگ مرحوم کی یاد میں خصوصی پوسٹل کور کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : محکمہ ڈاک کی جانب سے اردو تھیٹر کی نامور شخصیت قادر علی بیگ مرحوم کی یاد میں ان کی 30 ویں برسی کے موقع پر ایک خصوصی پوسٹل کور 3 جون کو تاریخی سالار جنگ میوزیم میں جاری کیا جائے گا ۔ قادر علی بیگ مرحوم نے 1970 اور 1980 کے دہوں میں حیدرآباد میں تھیٹر کو فروغ دیا تھا اور ان کے ڈرامے جیسے سکھارام بینڈر ، آدھے ادھورے ، خاموش ، عدالت جاری ہے ، اور تاریخی ڈرامے جیسے تاناشاہ ، قلی قطب شاہ ، محبوب اور دیگر سماج کی عکاسی کرتے ہیں ۔ ان کی یاد میں دس سال قبل ان کے فرزند محمد علی بیگ نے قادر علی بیگ تھیٹر فاونڈیشن قائم کیا جس کے ذریعہ ملک اور بیرون ملک میں ڈرامے پیش کئے جاتے ہیں ۔۔