حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) نلگنڈہ کراس روڈ چوراہے پر عوام کو ٹریفک جام سے کبھی ختم نہ ہونے والے مسائل کا سامنا رہتا ہے لیکن اب انہیں کسی قدر راحت ملی ہے کیوں کہ ریاستی حکومت نے جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی ہے کہ وہ 523.37 کروڑ روپئے کے مصارف سے نلگنڈہ کراس روڈ تا اویسی جنکشن تک فلائی اوور تیار کرے۔ یہ پراجکٹ روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت منظور کیا گیا ہے اور تلنگانہ حکومت نے جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی ہے کہ مذکورہ پراجکٹ کو ’ای پی سی‘ کے تحت مکمل کرلے۔ جی ایچ ایم سی نے نلگنڈہ کراس روڈ تا اویسی جنکشن تک بلند کاریڈور سڑک تعمیر کرنے کی تجویز دی تھی تاکہ اس راستے پر سعیدآباد اور آئی ایس سدن کے ذریعہ ٹریفک کا بہاؤ آرام دہ ہوجائے۔ دریں اثناء جنوری میں منعقدہ ایک اجلاس میں جی ایچ ایم سی کی اسٹانڈنگ کمیٹی نے فلائی اوور کی تعمیر کو منظوری دی تھی۔ جی ایچ ایم سی نے ایس ٹی یو بی کنسلٹنٹ پرائیوٹ لمیٹیڈ کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اس پراجکٹ کے لئے تحقیقی مطالعہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ داخل کرے جس میں بنیادی سڑکیں، سرویس روڈ، ڈرینج ورک ، اراضی کا حصول اور دیگر اُمور کا جائزہ لیا جائے۔ یاد رہے کہ اس سڑک پر جگہ جگہ تنگ راستے ہیں جن میں مذہبی مقامات اور قبرستان قابل ذکر ہیں۔ چنچل گوڑہ، سعیدآباد اور سنتوش نگر کے پاس سڑکوں کو کشادہ کرنے کا کام آسان نہیں لیکن اب جو 2.5 کیلو میٹر طویل پراجکٹ کو منظور کیا گیا ہے اس کے لئے تقریباً 220 ڈھانچوں پر نظر رکھنی ہوگی۔