نقوی سے دہلی حج کمیٹی کے وفد کی ملاقات

نئی دہلی 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ریاستی حج کمیٹی کے ایک وفد نے آج وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے ملاقات کی اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستانی عازمین حج کے 14 جولائی کو پہلے قافلے کی سعودی عرب روانگی سے چند دن قبل یہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس کے بعد نقوی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’دہلی حج کمیٹی نے اس کے صدرنشین شری حاجی محمد اشراق خاں نے آج انتیودیا بھون میں مجھ سے ملاقات کی۔ حج کے اُمور اور عازمین کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا‘‘۔ حج کیلئے 14 جولائی سے پروازوں کا آغاز ہوگا اور اس روز دہلی کے علاوہ گیا، گوہاٹی، لکھنؤ اور سرینگر سے قافلے روانہ ہوں گے۔ بعدازاں دیگر شہروں سے روانگی عمل میں آئے گی۔ رواں سال 1,75,025 عازمین، حج کریں گے۔ جن کے منجملہ 1,28,702 ہندوستانی حج کمیٹی کے ذریعہ سفر کررہے ہیں۔