واشنگٹن۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دو ہندوستانی اور ایک ہندوستانی کمپنی نے آج اپنے اس جرم کا اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے امریکہ میں نقلی سگریٹس کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی سازش کی تھی۔ دریں اثناء وفاقی پراسیکیوٹرس نے کہا کہ نقلی سگریٹس کے کارٹونس پر غیرمعروف ٹریڈ مارک پرنٹ کئے گئے تھے جو دراصل امریکہ کے معروف برانڈ ’’نیو پورٹ سگریٹس‘‘ کی نقل معلوم ہورہی تھی۔ ابھیشیک شکلا اور ہریش شاہ بھائی پنجال کو فی کس پانچ سال کی سزائے قید اور 2,50,000 ڈالرس کا جرمانہ عائد کیا جائے گا جس کے بعد انہیں پانچ سال کیلئے رہا ضرور کیا جائے گا لیکن ان کی حرکات و سکنات پر پولیس کی نظر رہے گی جبکہ ہندوستان سے اپنا کاروبار چلانے والی جوبلی ٹوباکو انڈسٹریز کارپوریشن کو بھی 5لاکھ ڈالرس کے جرمانہ کا سامنا ہے۔