نقد رقم اور شراب کی ضبطی آندھرا پردیش سرِ فہرست

نئی دہلی۔/7مئی، ( پی ٹی آئی) ملک میں جاری لوک سبھا انتخابات کے دوران دیگر ریاستوں کے مقابلہ آندھرا پردیش میں نقد رقم اور شراب کی ضبطی کے سب سے زیادہ واقعات پیش آئے۔ الیکشن کمیشن میں ڈائرکٹر جنرل پی کے داش نے کہا کہ آندھرا پردیش میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کئے جانے کے بعد فلائنگ اسکواڈس نے تاحال موصولہ تفصیلات کے مطابق 137 کروڑ روپئے نقد اور 1.44کروڑ لیٹر شراب ضبط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 289کروڑ روپئے نقد اور 2.24لاکھ لیٹر شراب ضبط کی گئی ہے۔ اترپردیش میں 19.23کروڑ روپئے نقد، مغربی بنگال میں 2.72 کروڑ روپئے نقد اور بہار میں 2.50 کروڑ روپئے نقد ضبط کئے گئے۔ ان تینوں ریاستوں میں نویں اور آخری مرحلہ کی رائے دہی 12مئی کو ہوگی۔ بہار میں 63.7لاکھ لیٹر شراب ضبط کی گئی جبکہ اتر پردیش میں 5.6لاکھ لیٹر اور مغربی بنگال میں 7.77لاکھ لیٹر شراب ضبط کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے پیڈ نیوز کے ضمن میں تاحال1,688 نوٹس جاری کئے ہیں جن کے منجملہ صرف آندھرا پردیش میں828 نوٹس جاری کی گئی ہیں۔ راجستھان اور پنجاب میں بالترتیب 240اور162پیڈ مقدمات کے ضمن میں نوٹس جاری کی گئی ہیں۔