نقدی کی قلت کے پیش نظر انکم ٹیکس دھاوے ‘ کروڑہا روپئے ضبط

حیدرآباد ۔ /26 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں نقدی کی قلت کے پیش نظر محکمہ انکم ٹیکس نے شہر کے کئی رئیل اسٹیٹ تاجرین کے دفاتر پر بیک وقت دھاوے کرتے ہوئے کروڑہا روپئے نقد رقم ضبط کرلیا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس کی خصوصی ٹیموں نے گریدھر کنسٹرکشن کے پارٹنر سمپت رگھوپت ریڈی کے دفتر واقع پرشاسن نگر اور جوبلی ہلز میں دھاوے کئے ۔ اسی طرح بھاشیم رئیلٹرس کے پارٹنر بھاشیم نوین کے دفتر واقع ایس آر نگر میں دھاوے کئے ۔ اس کارروائی میں پولیس نے غیر محسوب 5.3کروڑ نقد رقم جو 500 اور 2000 کے نوٹوں میں موجود تھی ضبط کرلیا ۔ انکم ٹیکس ذرائع نے بتایا کہ شہر میں نقدی قلت کے ضمن میں کئی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے لین دین پر کڑی نظر رکھی جارہی تھی اور بھاری رقم جمع کرنے کی اطلاع پر یہ کارروائی کی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ گریدھر کنسٹرکشن اور بھاشیم رئیلٹرس جو اراضی پلاٹس اور اپارٹمنٹس فروخت کرنے کے کاروبار میں ہے گاہکوں سے حاصل کردہ رقومات کو بھاری مقدار میں اپنے دفاتر میں محفوظ رکھا تھا ۔ آئی ٹی عہدیداروں نے دھاوے کے دوران رئیل اسٹیٹ دفاتر پر رات دیر گئے تک تلاشی جاری رکھی تھی ۔ بعض چھوٹے رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے آفسیس پر بھی انکم ٹیکس عہدیداروں کے دھاوے جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2017 ء میں رئیل اسٹیٹ دفاتر سے 11 کروڑ روپئے غیر محسوب رقم برآمد کی گئی تھی ۔ بھاری مقدار میں ضبط کی گئی نقد رقم کو کرناٹک انتخابات میں استعمال کئے جانے کے سوال پر آئی ٹی عہدیداروں نے اس بات کی وضاحت کی اور کہا کہ مذکورہ رئیل اسٹیٹ کاروباریوں کا تعلق کسی بھی سیاسی پارٹی سے نہیں ہے ۔