نقدی کا مسئلہ جلد ہی حل کردیا جائے گا: جیٹلی

نئی دہلی۔ 17اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے ملک کے کچھ حصوں میں نقدی کے سلسلے میں آنے والی پریشانیاں جلد ہی دور ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے آج کہا کہ گذشتہ تین ماہ میں نقدی کے مطالبہ میں کافی تیزی آئی ہے اور رواں ماہ کے پہلے تیرہ دن میں 45ہزار کروڑ روپئے کی نقدی کی سپلائی کی گئی ہے ۔ملک کے کئی حصوں میں بینکوں میں نقدی کی قلت اور اے ٹی ایم کے خالی ہونے کی شکایتوں کے مدنظر وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہا کہ کرنسی نوٹوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ استعمال میں اور بینکوں کے پاس خاطر خواہ نقدی ہے ۔ کچھ حصوں میں اچانک آئی پریشانیاں جلد دور کردی جائیں گی۔اس کے بعد وزارت خزانہ نے جاری بیان میں کہا کہ حکومت اور ریزرو بینک نے نقدی کی غیر متوقع مانگ کی سپلائی کیلئے تمام ضروری قدم اٹھائے ہیں۔ مانگ میں اضافہ کو پورا کرنے کے لئے نقدی کا خاطر خواہ ذخیرہ ہے اور جن اے ٹی ایم میں نقدی کی کمی ہے وہاں جلد ہی اس کی سپلائی کی جائیگی۔اس میں کہا گیا ہے کہ ملک کی کچھ ریاستوں بالخصوص آندھرا پردیش، تلنگانہ ،کرناٹک،مدھیہ پردیش اور بہار میں نقدی کی مانگ میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے ۔