سادات ایجوکیشن و ویلفیر سوسائیٹی کا سمپوزیم : جناب زاہد علی خاں و دوسروں کا اظہار خیال
حیدرآباد 29 مارچ : ( پریس نوٹ ) : ایلڈرس تھنک ٹینک اور سادات ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام سمپوزیم بعنوان ’ مذہبی روا داری کے فروغ میں میڈیا کا رول ‘ محبوب حسین جگر ہال میں منعقد ہوا ۔ شرکا اجلاس کی متفقہ رائے تھی کہ بعض میڈیا چیانل منفی رول ادا کررہے ہیں جسکے سبب منافرت کا ماحول پیدا ہورہا ہے ۔ چینلوں پر کنٹرول کرنے با اختیار ’ میڈیا سنسر بورڈ ‘ کا قیام ناگزیر ہے ۔ جناب زاہد علی خاں مدیر سیاست و نائب صدر تھنک ٹینک نے کہا کہ کثرت میں وحدت ، ہی سے ملک کا وقار قائم ہے اور اس کا تحفظ تمام شہریوں و میڈیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور دیگر اقلیتیں وقت اور حالات کی نزاکت کو سمجھیں ۔ شکوہ شکایت کی روش ترک کریں اور عملی اقدامات کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں ۔ روزنامہ سیاست نے ہمیشہ مسلمانوں کو قومی یکجہتی کے دھارے سے جوڑتے ہوئے انکو مساویانہ ترقی کے مواقع سے استفادہ کی ترغیب دی ۔ ایسے چیانل جو غیر جانبداری سے قومی یکجہتی کو فروغ دے رہے ہیں انہیں مستحکم کریں ۔ قابل نوجوانوں کو صحافت میں داخل ہونے کی ترغیب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں میں اتحاد کی اہمیت نہایت ضروری ہے ۔ لیکن اگر تمام امور پر اتفاق رائے نہ ہو تو ایسے اہم مسائل میں اتحاد ضروری ہے جو امت مسلمہ سے متعلق ہیں جناب محمد مصطفی علی سروری اسوسی ایٹ پروفیسر مانو نے کہا کہ ملک میں ایسے حالات پیدا کردئیے گئے کہ ہم ایکدوسرے کو شک کی نگاہ سے دیکھنے لگے ہیں ۔ اس لیے ہم ایکدوسرے کے مذاہب کی بنیادی تعلیمات سے آگہی حاصل کریں کیونکہ کوئی بھی مذہب نفرت کی تعلیم نہیں دیتا ۔ بالخصوص پیشوایان مذاہب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مذاہب کی تعلیمات کو عوام میں روشناس کرائیں ۔ معزز شہریوں کو چاہئے کہ وہ غیر سنجیدہ چینلوں کو نظر انداز کریں اور سنجیدہ و تعمیری رول ادا کرنے والے چینلوں کی پذیرائی کریں ۔ TRP کی برتری میں عوام جس چیانل کو زیادہ دیکھتے ہیں وہی چیانل مقبولیت حاصل کریگا ۔ جناب خلیق الرحمن رکن سادات سوسائٹی نے کہا کہ 68 سال گزرنے کے بعد آج بھی اقلیتوں سے حب الوطنی سے متعلق سوالات کیے جاتے ہیں اور یہ وہ لوگ ہیں جن کا جدوجہد آزادی میں کوئی رول نہ تھا ۔ جناب بھاسکر بینی ایڈوکیٹ جوائنٹ سکریٹری تھنک ٹینک نے کہا کہ چینلوں کی کارکردگی پر نظر رکھنے حکومت کو عملی اقدامات کرنے چاہئے ۔ محمد علی الدین قادری ابوالعلائی جنرل سکریٹری نے کہا کہ قدیم زمانہ میں اسکولوں میں اخلاقیات کی تعلیم دی جاتی تھی موجودہ حالات متقاضی ہیں کہ اخلاقیات کو شامل نصاب کیا جائے ۔ ڈاکٹر شیخ سیادت علی نے کہا کہ مذہبی روا داری کا فرغ کسی ایک طبقہ کی نہیں بلکہ تمام طبقات کی ذمہ داری ہے اور منافرت پھیلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جانی چاہئے ۔ ڈاکٹر ناظم علی رکن نے کہا کہ روا داری اتحاد و اخوت تمام مذاہب کی روح ہیں ۔ سید سمیع اللہ حسینی بندہ نوازی جنرل سکریٹری سادات ایجوکیشن سوسائٹی نے ابتداء میں خیر مقدم کیا ۔ جناب سید امجد یوسف ایڈوکیٹ رکن سوسائٹی نے آخر میں حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔