نفرت انگیز نظریات کے حامیوں کی تعمیری سرگرمیاں ضروری

مہاتما بدھ کا پیغام امن ، رواداری اور پرامن بقائے باہم تھا ، وینکیا نائیڈو کا خطاب
ہانام (ویتنام ) ۔12 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر اظہارتشویش کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے کہاکہ نفرت انگیز نظریات کا پرچار کرنے والوں کو تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ضروری ہے تاکہ بغیر سمجھے بوجھے تباہی کا انسداد کیا جاسکے ۔ انھوں نے کہاکہ دنیا میں دہشت گردی کی توسیع تباہی کے جذبات کی توسیع کے مترادف ہے ۔ نفرت کے نظریہ پھیلانے والوں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنا چاہئے تاکہ بغیر سمجھے بوجھے اموات اور تباہی کو روکا جاسکے ۔ وینکیا نائیڈو وزیراعظم ویٹنام میگوین زیڈان ہوک کی اُن کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ شرکاء میں صدر میانمار، وزیراعظم میانمار اور وزیراعظم نیپال کے پی شرما اوولی بھی موجود تھے ۔ ایم وینکیا نائیڈو نے کہاکہ مہاتما گوتم بدھ کا پیغام امن اور شانتی کا پیغام ہے جو ایسے نظریات پیش کرتا ہے جن کے ذریعہ موثر طورپر فرقہ پرستی اور تشدد پر مبنی نظریات پر دنیا بھر میں قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عالمی قیادت کو ایک دوسرے کو نشانہ بنانے سے زیادہ مذاکرات ، ہمہ آہنگی اور انصاف کے ساتھ کام کرنا چاہئے جس کی بنیاد خلوص اور دانشمندی پر ہو ۔